لاہور،17مئی(اے پی پی): کیپٹل سٹی پولیس آفیسرلاہور بلال صدیق کمیانہ نے بدھ کو یہاں پولیس لائنز میں اینٹی رائٹ فورس کے دفترکا دورہ کیا ۔انہوں نے اینٹی رائٹ فورس کے جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قیامِ امن میں اینٹی رائٹ فورس کا کردار انتہائی اہم ہے۔
سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ نے کہا کہ پولیس ملازمین اور ان کے اہل خانہ کو طبی سہولتوں کی فراہمی یقینی بنائی جارہی ہے،اسی طرح پولیس ملازمین کی سروس سے متعلقہ معاملات کو بھی ترجیحی بنیادوں پر نمٹایا جا رہا ہے۔انہوں نے یقین دلایا کہ سروس اور ریٹائرمنٹ سے متعلقہ مالی معاملات میں کوئی غفلت نہیں برتی جائے گی تاکہ ریٹائرڈ ملازمین کو پنشن اوردیگر واجبات کے حصول میں کوئی مشکل پیش نہ آئے۔
سی سی پی او لاہور نے کہا کہ اینٹی رائٹ فورس کے جوان محکمہ پولیس کا قیمتی سرمایہ اور عوام کی جان و مال کے تحفظ کیلئے پوری طرح الرٹ ہیں، اینٹی رائٹ فورس کے جوانوں نے لاء اینڈ آرڈر کی صورتحال میں عوام کی حفاظت کو ہمیشہ مقدم رکھاہے۔ انہوں نے کہا کہ اینٹی رائٹ فورس خواتین، بچوں، بزرگوں اور معذور افراد کے ساتھ بہترین طرز عمل اپنائے، شہریوں کی جان و مال اور املاک کی حفاظت اینٹی رائٹ فورس کا اہم فریضہ ہے اور اس فورس کا مقصد شہریوں کو محفوظ ماحول مہیا کرنا ہے۔
بلال صدیق کمیانہ نے کہا کہ اینٹی رائٹ فورس شہریوں کو تحفظ فراہم کرنے حوالے سے اہم ہے اور اس فورس کے جوانوں نے ہمت و حوصلے، پیشہ ورانہ مہارت اور جذبے سے مشکل صورتحال پر قابو پانا ہے۔ انہوں نے جوانوں سے کہا کہ دلیری، بہادری، جوانمردی اور اللہ پر یقین آپ کا اولین نصب العین ہونا چاہیے۔اس حوالے سے یہ بات خوش آئند ہے کہ اینٹی رائٹ فورس لاء اینڈ آرڈر کی صورت حال سے پیشہ ورانہ انداز میں نبرد آزما ہونے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔
اس موقع پر ڈی آئی جی(آپریشنز)صادق علی ڈوگر، ایس پی اینٹی رائٹ فورس توقیر نعیم اور متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔











