پشین، 19 مئی (اے پی پی): دشمن ملک کے ایجنڈے پر عمل پیرا پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان کے افواج پاکستان پر بے بنیاد الزامات لگانے کے خلاف افواج پاکستان سے اظہار یکجہتی میں پشین شہر کے عوام نے سبز ہلالی پرچم ہاتھ میں تھامے سڑکوں پر نکل آئے نعرہ تکبیر کی صدا کے ساتھ ساتھ عوام نے پاک افواج کے حق میں نعرے بازی کی اور محبت کا اظہار کیا۔ ہر طبقے کے لوگوں کو پاک افواج اور وطن سے محبت کا اظہار کرتے ہوئے مظاہرے میں دیکھا گیا جس میں نوجوانوں کی بڑی تعداد موجود تھی جنہوں نے افواج پاکستان کو خراج عقیدت پیش کیا ۔
ریلی کا آغاز پشین کے ڈپٹی کمشنر کمپلیکس سے ہوا، ریلی پشین بازار، مین بائی پاس سے گزرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر آفس کے سامنے جلسے کی شکل اختیار کر گئی۔مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ فوج ہمارا فخر اور ہم اسکے ساتھ ہیں پاک فوج پاکستان کی آن، شان اور جان ہے، ہم سب اپنی افواج پر فخر کرتے ہیں، ہم گھروں میں سکون سے سوتے ہیں کیونکہ پاک فوج سرحدوں کو محفوظ بناتی ہے۔
مظاہرین نے کہا کہ ملک کی ایک پارٹی جس نے اقتدار ملتے ہی ملک میں سیاست کے نام پر ملک کو لوٹا اور اپنی بلیک میلنگ جاری رکھنے کے لیے ہماری افواج کے خلاف ملک کے سادہ عوام کو اپنے ذاتی مقصد کے لئے استعمال کرواتے رہے اور کرا رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں پرامن احتجاج کسی نے نہیں روکا یہ ہر کسی کا حق ہے لیکن جلاؤگھیراؤ، توڑ پھوڑ بالکل غلط ہے۔
آخر میں انہوں نے کہا کہ وطن سے محبت ہمارے لہو میں شامل ہے انہوں نے کہا کہ عمران خان کی جانب سے ایک انٹیلی جنس افسر کا نام لینا ادارے اور، فوج کی توہین کرنے پر ان کے خلاف کارروائی ہونی چاہیے ’پہلی، بار نہیں بلکہ بار بار دیکھا گیا اقتدار سے بے دخل ہونے کے بعد پاکستان فوج کو ایک ادارے کے طور پر بدنام کرنا آپ کی سیاست میں ہے۔











