اٹک،19 مئی (اے پی پی):اٹک کی تمام تحصیلوں اور صدر مقام اٹک شہر میں پاک افواج کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے بھر پور ریلیاں نکالی گئیں ۔
مسلم لیگ ن کے رہنما سردار رحمت علی خان کی قیادت میں ریلی نکالی گئی ، ریلی سے خطاب کرتے ہوۓ سردار رحمت علی خان نے کہا کہ پاک فوج ہمارے ماتھے کا جھومر ہے، پاک فوج سرحدوں پر ملک کی حفاظت کے لیے اپنی جان بھی قربان کرتی ہے ، عوام ہمیشہ کیلئے پاک فوج کے ساتھ کھڑے ہیں ۔
ریلی کے اختتام پر شہداء کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے یادگار شہدائے پر پھول چڑھائے گئے اور فاتحہ خوانی کی۔
حضرو میں پاکستان مسلم لیگ (ن) تحصیل حضرو کے زیر اہتمام ایک بڑی ریلی نکالی گئی جس کی قیادت مسلم لیگ(ن) تحصیل حضرو کے صدر ملک انصار نے کی ، ریلی میں ضلعی نائب صدر افتخار ڈار ، سٹی صدر حاجی احسان خان نمبردار ، سابق سٹی صدر رفیق بھولا، صدر انجمن تاجران مینا بازار ملک رفیق ، معروف تاجر ملک سرفراز لکوڑی ، مسلم لیگ (ن) یوتھ ونگ تحصیل حضرو کے عہدیداران اور سول سوسائٹی نے شرکت کی ۔
ریلی حاجی غفار خان پلازہ سے شروع ہو کر فوارہ چوک میں اختتام پذیر ہو گئی ، فوارہ چوک پہنچنے پر فروٹ منڈی ایسوسی ایشن کے رہنما حاجی ناصرآرائیں کی قیادت میں پاک فوج زندہ باد ریلی پر گل پاشی کی گئی ۔
شرکاء نے پاک فوج آئی لو یو ، پاک افواج زندہ باد ، آرمی چیف زندہ باد کی نعرے بازی کی ۔ شرکاء نے آرمی چیف ، کرنل (ر) شجاع خانزادہ شہید اور مسلم لیگ (ن) کے سابق ایم پی اے جہانگیر خانزادہ کی تصاویر اور پاک فوج کے حق میں درج نعروں کے پوسٹرز اٹھا رکھے تھے ۔
اس موقع پر تحصیل صدر مسلم لیگ (ن) حضرو ملک انصار نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاک فوج ہمارے ماتھے کا جھومر ہے، پاک فوج سرحدوں پر ملک کی حفاظت کے لیے اپنی جان بھی قربان کرتی ہے، عوام کی بڑی طاقت پاک فوج کے ساتھ کھڑی ہے او رہمیشہ کھڑی رہے گی ۔
ریلی کے اختتام پر پاک فوج کے شہدا ء اور ملکی سلامتی کیلئے سٹی صدر مسلم لیگ(ن) حاجی احسان خان نے دعا کرائی ۔سن ابدال میں 9مئی کے واقعات کے خلاف اور پاک فوج سے اظہار یکجہتی کے لیے انجمن خدام الفقراءو سٹیزن رائٹس کونسل کے زیر اہتمام ریلی نکالی گئی جس کی قیادت صدر انجمن خدام الفقراء اسد اقبال ترک،سر پرست اعلی سٹیزن رائٹس کونسل شاہد اعوان نے کی ، پاک فوج سےاظہار یکجہتی کیلئے ریلی میں سکھ کمیونٹی نے بھی خاص طور پر شرکت کی ۔ حسن ابدال کی مذہبی،سیاسی و سماجی شخصیات سمیت شہریوں کی بڑی تعداد ریلی میں شریک ہوئی اور پاک فوج کے حق میں نعرے بازی کی۔
مقررین کا کہنا تھا کہ پاک فوج ہماری ریڈ لائن ہےجو ہمارے ملک کی حفاظت کی ضامن ہے ۔ ریلی چلہ گاہ بابا ولی قندہاری سے شروع ہو کر مین جی ٹی روڈ ایبٹ آبا د مو ڑ پر اختتام پذیر ہو ئی۔اٹک کی تحصیل جنڈ ، پنڈی گھیب اور فتح جنگ میں بھی پاک فوج کے حق میں لوگ سڑکوں پر نکل آئے اور شاندار ریلیاں نکالیں۔
شرکاء نے پاک افواج زندہ باد کی خوب نعرے بازی کی اور کہا کہ ہم ہر موقع پر پاک افواج کے شانہ بشانہ ہیں۔