اسلام آباد،20مئی(اے پی پی):چیف کمشنرو چیئرمین سی ڈی اے کیپٹن(ر) نورالامین مینگل نے کہا ہے کہ سی ڈی اے انتظامیہ، ملازمین کے حقوق کا مکمل تحفظ کرے گی اور ملازمین کی فلاح وبہبود کے لئے مزید اقدامات اُٹھائے گی۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے سی ڈی اے مزدور یونین (سی بی اے) کے زیر اہتمام حج بیت اللہ کی سعادت حاصل کرنے والے ملازمین کے اعزاز میں الوداعی تقریب کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔تقریب کے مہمان خصوصی چیف کمشنرو چیئرمین سی ڈی اے کیپٹن(ر) نورالامین مینگل تھےجبکہ تقریب میں پاکستان سویٹ ہومز کے سرپرست اعلیٰ زمردخان بھی شریک تھے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین سی ڈی اے کیپٹن(ر) نورالامین مینگل نے کہا کہ جو لوگ حج کے فریضہ کی ادائیگی کے لئے جا رہے ہیں ان کی حیثیت پاکستان کے سفیر کی ہے اور تمام حجاج کرام بیرون ملک قوانین کا احترام کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ بلاشبہ جو لوگ اس مبارک سفر پر جا رہے ہیں وہ اللہ کے مہمان اور پسندیدہ لوگ ہیں ان سے درخواست کرتاہوں کہ وہ جہاں اپنی بخشش کے لئے دعا کریں گے وہاں ملک اورادارے کی تعمیر وترقی کے لیے بھی دعا کریں کہ اللہ تعالی ارض پاکستان کو تمام مصیبتوں اور آفتوں سے بچائے اور اس ملک کو امن و سکون کا گہوارہ بنائے۔انہوں نے کہاکہ سی ڈی اے انتظامیہ، ملازمین کے حقوق کا مکمل تحفظ کرے گی اور ملازمین کی فلاح وبہبود کے لئے مزید اقدامات اُٹھائے گی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سی ڈی اے مزدور یونین (سی بی اے) کے جنرل سیکرٹری چوہدری محمد یٰسین نے کہا کہ میں حج پر جانے والے تمام ملازمین کو مبارکبادپیش کرتاہوں۔انھوں نے کہا کہ سی ڈی اے مزدور یونین کی کاوش سے ہر سال ادارے کے ملازمین کو قرعہ اندازی کے ذریعے حج پر بھیجوایا جاتا ہے،یہ بڑی سعادت کی بات ہے۔انھوں نے مزید کہا کہ سی ڈی اے مزدور یونین کا بنیادی مقصد رنگ،نسل اور مذہب سے بالاتر ہوکر مزدوروں کی خدمت کرنا ہے اور ہم نے اپنے عمل سے ثابت کیا ہے،سی ڈی اے مزدور یونین مذاکرات پریقین رکھتی ہے اور ملازمین کے حقوق کے تحفظ کے لیے عملی جدوجہد جاری رکھے گی۔اس موقع پر انھوں نے چیئرمین سی ڈی اے سے مطالبہ کیا کہ ادارے میں کام کرنے والے ملازمین کوزیارات پر بھیجوانے کے لیے کوٹہ مختص کیا جائے۔
تقریب کے اختتام پر حج کی سعادت حاصل کرنے والے تمام ملازمین میں چیئرمین سی ڈی اے،مزدور یونین کے جنرل سیکرٹری چوہدری محمد یسیٰن و دیگر بورڈ ممبران نے سفری دستاویزات اور تحائف تقسیم کیے۔
تقریب میں روزنامہ نوائے وقت کے ریزیڈنٹ ایڈیٹر عزیزعلوی،نیشنل پریس کلب کے صدر انوررضا،آر آئی یو جے کے صدرعابدعباسی،سی ڈی اے بورڈ کے ممبرپلاننگ وسیم حیات باجوہ،ممبرانجینئرنگ سید منورحسین شاہ،ڈائریکٹرآئی ٹی عبدالرؤف خان،ڈپٹی ڈائریکٹر ریاض خان،سابقہ ڈپٹی فنانس ایڈوائزر محمد قاسم چٹھہ،اسسٹنٹ ڈائریکٹر پبلک ریلیشن محمدکامران،مزدور یونین (سی بی اے) کے صدر اورنگزیب خان،چیئرمین راجہ شاکر زمان کیانی،حاجی راجہ صابر،علی اصغرمانی بٹ سمیت مزدور یونین کے عہدیداران نے کثیرتعداد میں شرکت کی۔