سرکاری سکیم کے تحت عازمین حج کی پہلی پرواز علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ لاہور سے روانہ

21

لاہور،21مئی (اے پی پی):سرکاری سکیم کے تحت حج کا فریضہ ادا کرنے کیلئے عازمین حج کی پہلی  پرواز نمبر 285 اتوار کے روز علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ لاہور سے سعودی عرب روانہ ہو گئی۔ سیرین ائیر ER 2921 کی یہ پرواز  عازمین حج کو لے کر مدینہ منورہ پہنچے گی۔

اس حوالے سے علامہ اقبال انٹر نیشنل ائیر پورٹ پر استقبالیہ تقریب منعقد ہوئی۔ سپیشل کوآرڈینیٹر برائے  وزیراعظم مولانا شبیر احمد عثمانی تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔ انہوں نے کہا کہ یہ سعادت قسمت والوں کو  نصیب ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حج  ایک مشقت طلب عبادات میں سے ہے، امید ہے کہ وہ عازمین حج زیارات مقدسہ کے تمام مر احل آسانی سے طے کریں گے اور عازمین حج اپنے ساتھ ساتھ وطن عزیز کی سالمیت اور ترقی کیلئے خصوصی دعائیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ عازمین حج وہاں پاکستان کے سفیر ہیں اور سعودی قوانین کی سختی سے پابندی کریں۔انہوں نے کہا کہ وزارت مذہبی امور نے اس سال حجاج کرام کے لیے بہترین انتظامات کیے ہیں اور اس سلسلے میں وزارت مذہبی امور کے افسران سمیت تمام ملازمین دن رات ایک کیے ہوئے ہیں ۔

تقریب سے ڈائریکٹر حج  لاہور، فیصل آباد، سیالکوٹ  اقرارالحسن نے خطاب کے دوران کہا کہ سرکاری سکیم کے تحت حج کرنے والوں کے لیے بہترین انتظامات کیے گئے ہیں، رہائشیں حرم شریف کے قریب ہیں۔ لاہور سے حج پروازوں کا سلسلہ 20جون تک جاری رہے گا، لاہور سے آج پیر کو 61 پروازیں روانہ ہونگی جو سرکاری سکیم کے تحت 17500 حجاج کرام کو لے کر سعودی عرب روانہ ہوں گی،ان میں ائیر بلیو، سعودی ائیر لائن، پی آئی اے اور سیرین ائیر کی پروازیں شامل ہیں۔

 اس موقع پر جی ایم لاہور ایئرپورٹ چودھری نذیر احمد ،ایڈیشنل ڈائریکٹر شاہجہان ،حاجی احمد مکی سمیت دیگر بھی موجود تھے۔مولانا شبیر احمد عثمانی نے عازمین حج کو گلدستے دے کر روانہ کیا  ۔تقریب کے اختتام پر عازمین حج کیلئے خصوصی دعا بھی کروائی گئی۔