گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن کی ملتان آمد، قلعہ کہنہ قاسم باغ پر کسان میلہ میں شرکت

44

ملتان،21 مئی(اے پی پی ): گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن کی ملتان آمد، قلعہ کہنہ قاسم باغ پر کسان میلہ میں شرکت کی۔رانا فراز احمد نون نے گورنر پنجاب کو سرائیکی اجرک پہنائی۔ کسان میلہ میں زرعی کمپنیوں کی جانب سے 150 سٹالز لگائے گئے۔گورنر پنجاب نے زرعی کمپنیوں کے اسٹالز کا معائنہ کیا اور کہا کہ ملکی ترقی اور خوشحالی میں زراعت   کا شعبہ ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت کا حامل ہے۔

گورنر پنجاب انجینئر محمد بلیغ الرحمن نے کہا کہ زراعت میں زیادہ پیداوار کے حصول کے لئے جدید ٹیکنالوجی کے استعمال اور تحقیق کو بروئے کار لانا ہو گا۔انہوں نے کہا کہ اللہ کے فضل و کرم سے اس مرتبہ گندم کی بمپر پیداوار ہوئی ہے،گندم کی بہترین قیمت سے کسان خوشحال ہوا ہے۔

 گورنر پنجاب انجینئر محمد بلیغ الرحمن نے کہا کہ  کپاس کی ریکارڈ پیداوار کے حصول کے لئے تمام سٹیک ہولڈرز کو ملکر کردار ادا کرنا ہوگا ، کپاس کی بہترین پیداوار کا ہدف پورا کرنے کے لئے حکومت کھاد پر سبسڈی فراہم کر رہی ہے۔انہوں  نے  کہا کہ  مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ اپنے دور اقتدار میں تعلیم اور زراعت  کے فروغ کے لئے عملی اقدامات کئے ہیں ، زراعت معیشت کے استحکام میں بنیادی کردار ادا کرتی ہے  ۔

گورنر پنجاب نے میلے کے کامیاب انعقاد پر منتظمین کو مبارکباد دی اور تقریب کے آخر میں شیلڈز تقسیم کیں۔