ٹنڈومحمدخان،22 مئی(اے پی پی ): بلدیاتی انتخابات میں کامیاب 196 امیدواروں نے حلف اٹھا لیا ہے ، ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر و ڈپٹی کمشنر ٹنڈومحمدخان یاسر بھٹی نے حلف لیا۔ حلف برداری تقریب میں ممبر سندھ اسمبلی سید اعجاز شاہ بخاری، ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر محمد خان سمیت سرکاری افسران و شہریوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔
اس موقع پر ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر و ڈپٹی کمشنر یاسر بھٹی نے کہا کہ تمام منتخب امیدواروں سے ان کے حلقے و وارڈز کی عوام علاقے کی تعمیر، ترقی و خوشحالی کی اس لگائے ہوتے ہیں، ان کی امیدوں پر پورا اتر کر ہی اپنے حلف کی تکمیل کرسکتے ہیں۔
یاد رہے کہ ڈسٹرکٹ ٹنڈومحمدخان کی 28 یونین کونسلز، 28 وارڈز کے 196 امیدوار حلف برداری کی تقریبات میں شریک تھے۔تحصیل بلڑی شاہ کریم کے اسسٹنٹ کمشنر آفتاب بوزدار نے اپنی تحصیل جبکہ تحصیل ٹنڈو غلام حیدر کے اسسٹنٹ کمشنر غلام سرور نے اپنی تحصیل کی یونین کونسلز و وارڈز کے کامیاب امیدواروں سے حلف لیا۔
حلف برداری تقریب کے بعد امیدواروں کا کہنا تھا کہ ہم عوام کی خدمت کے لیے میدان میں نکلے ہیں، ہماری بھرپور کوشش ہوگی کہ عوام کے مسائل ان کی دہلیز پر حل کئے جاسکیں۔ انہوں نے محنت و ایمانداری سے اپنے فرائض سر انجام دینے کا عزم کیا۔
حلف برداری تقریب کے موقع پر سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے تھے۔