گورنر محمد بلیغ الرحمٰن کی زیر صدارت بی زیڈ یو کی سینٹ کا 12 واں اجلاس

67

ملتان،22 مئی(اے پی پی ):گورنر پنجاب و چانسلر بہاءالدین زکریا یونیورسٹی محمد بلیغ الرحمٰن کی زیر صدارت بی زیڈ یو کی سینٹ کا 12 واں اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں وائس چانسلر بہاءالدین زکریا یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر سید محمد علی شاہ، فیکلٹیز کے ڈینز، ڈیپارٹمنٹس کے چیئرمینز، اور ممبران سینٹ نے شرکت کی۔

یونیورسٹی سینٹ اجلاس میں ایجنڈا ایٹمز پیش کیے گئے،جن میں سے متعلقہ طور پر مختلف ایجنڈا ایٹمز کی منظوری دے دی گئی،اجلاس میں سابقہ سینٹ اجلاس میں کیے گئے فیصلوں کی توثیق کی گئی۔ اجلاس میں بہاءالدین زکریا کے دائرہ کار کو صوبہ پنجاب تک بڑھانے کی منظوری دی گئی اور طے کیا گیا کہ اس کی حتمی منظوری کے لیے حکومت پنجاب کو کیس بھجوایا جائے گا۔اجلاس میں سنٹر فار اسلامک فنانس قائم کرنے، انسٹیٹیوٹ آف صوفی ازم کے قیام اور ایڈمیشن پالیسی خزاں 2023 کی بھی منظوری دی گئی۔

 اس موقع پر گورنر پنجاب و چانسلر محمد بلیغ الرحمن نے کہا کہ یونیورسٹیوں میں بہتری لانے کے لیے ترجیحی بنیادوں پر پر اقدامات کئے جا رہے ہیں، وائس چانسلرز اور پرو وائس چانسلرز کی بروقت تعیناتی عمل میں لائی جا رہی ہیں، پورے پنجاب میں پہلی دفعہ یونیورسٹیوں میں پرو وائس چانسلرز تعینات کیے گئے ہیں، تمام وائس چانسلر اور پرو وائس چانسلرز کی تقرری میرٹ پر کی جارہی ہیں۔

گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے  کہا کہ ہمیں اپنے نوجوانوں کی اعلیٰ خطوط پر تعلیم و تربیت کرنا ہے، جس کے لیے تمام وسائل بروئے کار لا جا رہے ہیں، ہمارے نوجوان ہمارے ملک اور قوم کا اثاثہ ہیں، ان کی سوچ کو تعمیری بنانا ہے، ان کو مثبت سرگرمیوں کی طرف لے کر آنا ہے جو ہم سب کی ذمہ داری ہے۔