سیالکوٹ میں یوم تکریم شہداء عقیدت و احترام سے منایا گیا،

12

سیالکوٹ ،25مئی  (اے پی پی):ملک کے دوسرے شہروں کی طرح سیالکوٹ میں بھی  یوم تکریم شہداء عقیدت و احترام سے منایا گیا ۔ڈپٹی کمشنر عدنان محمود اعوان نے شہداء کے لواحقین سے ملاقات کی، پھولوں کا گلدستہ پیش کیا اور بلندی درجات کے لیے دعا کی ۔ حکومت پنجاب کی ہدایت پر ڈپٹی کمشنر عدنان محمود اعوان نے 1971 میں مشرقی پاکستان میں شہید ہونے والے میجر صابر کمال کے گھر جاکر انکے لواحقین سے ملاقات کی وطن عزیز کی سلامتی اور تحفظ کے لیے جان کا نذرانہ پیش کرنے پر شہید کی قربانی کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا ۔

ڈپٹی کمشنر نے 1971 کی جنگ میں لاہور کے محاذ پر جام شہادت نوش کرنے والے سپاہی غلام علی کے گھر جاکر انکے بیٹے سے ملاقات کی ، شہید کی قبر پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں اور بلندی درجات کے لیے دعا کی ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب اور ضلعی انتظامیہ شہداء کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں ، قوم کے مستقبل کے لیے قربانی دینے والے شہداء اس قوم کے ماتھے کا جھومر ہیں۔انہوں نے کہا کہ شہداء کے لواحقین کے لیے انکے دروازے ہر وقت کھلے ہیں، انتظامیہ انہیں ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کے لیے پر عزم ہے۔

 شہید میجر صابر کمال اور شہید سپاہی غلام علی کے لواحقین نے یوم تکریم شہداء منانے پر حکومت، پاک فوج کی قیادت کو زبردست سراہا۔