ملتان؛ یوم تکریم شہداء پر پولیس ہیڈ کوارٹرز میں تقریب ،شہداء کو خراج تحسین پیش

7

ملتان،25 مئی (اے پی پی ):  پولیس ہیڈ کوارٹرز ملتان میں یوم تکریم شہداء پاکستان کے موقع پر پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ آر پی او ملتان کیپٹن ر محمد سہیل چودھری نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے  ملکی سلامتی اور امن و امان کے لیے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کرنے والے شہداء کو خراج تحسین پیش کیا۔

آر پی او ملتان نے ملکی دفاع میں پاک فوج کی قربانیوں کو سراہا اور کہا کہ پاک فوج ملکی سلامتی کے لیے بے شمار قربانیاں دے رہی ہے۔

کمشنر ملتان محمد عامر خٹک نے یوم تکریم شہدائے پاکستان پر شہداء کوسلام پیش کیا اور کہا کہ  شہداء کی قربانیوں نے ملکی دفاع کو ناقابل تسخیر بنا دیا ہے اور ملک میں امن قائم ہوا ہے۔انہوں  نے کہا کہ خوشی اور غمی کے موقع پر ہم شہداء  کے خاندانوں  کے ساتھ کھڑے ہیں۔ انہوں نےشہداء کی ویلفیئر میں آر پی او ملتان کیپٹن ر محمد سہیل چودھری اور سی پی او ملتان منصور الحق رانا کی کاوشوں کو سراہا۔

ایڈیشنل آئی جی جنوبی پنجاب مقصود الحسن نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج کا دن ان شہداء کے نام ہے جنہوں نے وطن کے دفاع، ملکی سلامتی اور امن کو قائم کرنے میں اپنی جانوں کے نذرانے پیش کیے، ان شہیدوں کے پاک خون کا قرض ہمارے ذمہ ہے ہم ان کی قربانیوں کو کسی صورت نہیں بھولیں گے ، ہم یہ عہد کرتے ہیں کہ ملکی سلامتی اور قانون کی حکمرانی کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔انہوں نے کہا کہ شہداء کی خاندانوں کی ویلفیئر کا ہر صورت خیال رکھا جائے گا۔

آخر میں ایڈیشنل آئی جی جنوبی پنجاب مقصود الحسن سمیت تمام افسران نے معزز مہمانوں اور شہداء  کے خاندانوں کے ساتھ مل کر کھانا کھایا۔