فیصل آباد ،25مئی(اے پی پی):صوبائی وزیر اوقاف پنجاب بیرسٹر سید اصغر شاہ نے کہا کہ شہید کی موت قوم کی حیات ہے اور زندہ قومیں اپنے شہدا کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرتیں کیونکہ ہمارے اور دھرتی ماں کیلئے فرض کی راہ میں اپنی قیمتی جانوں کا نذرانہ پیش کرنےوالے یہ بہادر سپوت ہمارے ماتھے کا جھومر اور ہمارا سرمایہ افتخار ہیں لہٰذا ہم شہدائے پاکستان کو اظہار محبت میں سلام پیش کرتے ہیں جن کی بدولت ہم سب لوگ آرام اور سکون کی زندگی جی رہے ہیں جبکہ جو قومیں اپنے شہدا کو عزت نہیں دیتیں وہ جلد تباہ و برباد ہو جاتی ہیں۔
وہ جمعرات کو کمشنر فیصل آبادڈویژن سلوت سعید،ایڈمنسٹریٹر میونسپل کارپوریشن و ضلعی انتظامیہ فیصل آباد کے زیر اہتمام یوم تکریم شہدا کے موقع پر زرعی یونیورسٹی کے اقبال آڈیٹوریم میں منعقدہ مرکزی تقریب سے خطاب کررہے تھے جس میں ڈویژنل و ضلعی اور پولیس انتظامیہ کے افسران،افوج پاکستان کے افسران اور شہداکی فیملیز کے علاوہ مختلف سکولز و کالجز کے طلباو طالبات سمیت سول سوسائٹی کے افراد کثیر تعداد میں شریک تھے۔
بیرسٹر سید اصغر شاہ نے کہا کہ ہمارے تمام شہدا کی فیملیز ہمارے درمیان اس وقت موجود ہیں لہٰذا ہم سب آج یوم تکریم شہدا پاکستان کے موقع پر ان کی عظمت کا اعتراف کرتے ہوئے انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ ہم 25مئی کوہی کیوں شہدائے پاکستان کواظہار محبت و عقیدت میں سلام پیش کررہے ہیں ہمیں توہر روز انہیں سلام پیش کرنا چاہیے کیونکہ انہی کی بدولت ہی اپنے ملک اور گھروں میں محفوظ و سلامت ہیں۔انہوں نے کہاکہ ہر معاشرے میں عوام کو پر امن احتجاج کا حق حاصل ہے لیکن 9مئی کو جو مٹھی بھر شر پسند عناصر نے دہشت گردی کی اور فوجی تنصیبات کے جلاؤ گھیراؤ میں شامل ہو ئے۔
صوبائی وزیر اوقاف پنجاب بیرسٹر سید اصغر شاہ نے شہدا کی فیملیزکے جذبات کوتو مجروح کیا ہی بلکہ پاکستانی قوم کاپوری دنیا میں سر جھکا دیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ جس معاشرے میں جزا اور سزا کا تسلسل جاری رہتا ہے وہ کامیاب معاشرہ کہلاتا ہے۔انہوں نے کہاکہ فوجی تنصیبات کو جلانے والے شر پسندعناصر کو قانون کے مطابق عبرت ناک سزائیں ملیں گی تاکہ آئندہ کو ئی ایسی مجرمانہ حرکت نہ کر سکے۔ انہوں نے کہاکہ پورا پاکستان آرمڈ فورسز کے ساتھ تھا، ہے اورہمیشہ ساتھ رہے گا۔
دیگر مقررین نے کہا کہ پاکستانی قوم شہدا کی قربانیوں کو نہ کبھی بھولی ہے اور نہ بھولے گی نیز ہر محب وطن پاکستانی اپنی مٹی کی محبت میں شہید ہونے والوں سے والہانہ محبت کو اپنا فرض سمجھتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمارا ایمان ہے کہ پاکستانی قوم شہدا کی قربانیوں کو نہ کبھی بھولی ہے اور نہ کبھی بھولے گی۔ انہوں نے کہا کہ حالات چاہے جیسے بھی ہوں وطن کے محافظوں سے محبت پاکستان سے محبت کرنے کے مترادف ہے اس لئے جو قومیں اپنے شہدا کو بھول جاتی ہیں ان کا تاریخ میں کوئی نام لیوا نہیں ہوتالہٰذاشہدا کے خون کا ہم سب پر قرض ہے۔انہوں نے کہا کہ آج کے دن ہم سب کو مل کر اس عہد کی تجدید کرنا ہو گی کہ پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کی خاطر نفرتوں کی تمام دیواروں کو ختم کر دیں گے اور وطن عزیز کے تمام شہدا کی قربانیوں کو نہ صرف زندگی بھر یاد رکھا جائیگا،ان کے تقدس اور حرمت پر کبھی کوئی آنچ نہیں آنے دی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ زندہ قومیں اپنے شہیدوں کو نہیں بھولتی، ان کو یاد اوران کو مثال بنا کے رکھتی ہیں،ہمارے لئے پاک فوج کے جوان اب بھی روزانہ شہادت کے مرتبہ پر فائز ہورہے ہیں جنہیں ہم سلام پیش کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم کسی بھی ایسی حرکت کو قبول نہیں کریں گے جو ہماری افواج اور عوام کے درمیان فاصلہ پیدا اور وطن کی جڑوں کو کمزور کریں۔انہوں نے کہا کہ9مئی کو جو کچھ بھی ہوا ہم اور پوری محب وطن قوم اس کی مذمت کرتی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم شہدا کی فیملیز کی جانب سے یوم تکریم شہدا پاکستان کے حوالے سے قوم کو پیغام دینا چاہتے ہیں کہ ہماری پاکستانی افواج کی طاقت ان کی اپنی لازوال قربانیوں کی وجہ سے ہے جو اس بات کا ثبوت ہیں کہ انہوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیامگر ملک پر کوئی آنچ نہیں آنے دی۔
انہوں نے دشمن کے سامنے سیسہ پلائی ہوئی دیوارکی طرح ڈٹ کر مقابلہ کیاتا کہ دشمن ہمارے گھروں تک نہ پہنچے اور ہمارے گھروں کو نہ اجاڑے لیکن اس میں انہوں نے اپنی جان بھی جان آفریں کے سپرد کرنے سے گریز نہیں کیا۔انہوں نے کہا کہ ہم یومِ تکریم شہدا پر شہدا کی بے لوث قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، اس دن کو منانے کا مقصد شہداکی لازوال قربانیوں کی یاد تازہ کرنا ہے،شہدا، ان کی فیملیز اور یادگاروں کا احترام ہر پاکستانی پر لازم ہے، فرض کی راہ میں جانیں قربان کرنیوالے شہدا پاکستانی قوم کی شان ہیں،یومِ تکریم شہدا محبت، امن اور اپنے شہدا سے والہانہ محبت کا پیغام دیتا ہے،اس موقع پرہم یک زبان ہوکر افواج پاکستان، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور پولیس کے شہدا کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وردی کا رنگ کچھ بھی ہو، سمندر میں سفید،ہوا میں نیلا، بارڈر پر خاکی، پولیس سمیت تمام شہدا اور غازیوں کو آج ہمارا سلام ہے کیونکہ پاکستان کے قیام، بقا اور سا لمیت میں لاکھوں شہدا اور غازیوں کا قیمتی لہو شامل ہے اورپاکستان کی اندرونی و بیرونی سرحدوں کی حفاظت کے دوران پاک فوج، سیکورٹی فورسز اور پولیس جوانوں نے بے شمار قربانیاں دی ہیں۔انہوں نے کہا کہ آج ارض پاک کے تحفظ کی خاطر جانیں قربان کرنیوالے بہادر جانبازوں کے ساتھ تجدید عہد کا دن ہے لہٰذاپوری پاکستان قوم آج اپنے شہدا کو یاد رکھنے اور انہیں شایان شان عزت و محبت سے نوازنے کا عہد کرتی ہے جبکہ ہمارے شہدا سے محبت، عزت و تکریم نہ کرنے والا ہماری نفرت کا مستحق ہے جسے ہم کبھی معاف نہیں کریں گے۔