سیالکوٹ،25مئی(اے پی پی):عازمین حج کو حجاز مقدس پہنچانے کے لیے سیالکوٹ انٹرنیشنل ایئرپورٹ لمیٹڈ سے پروازوں کا آغاز کر دیا گیا ہے ، پی آئی اے کی پرواز پی کے 747 329 عازمین حج کو لیکر ارض مقدس پہنچ گئی۔
ڈائریکٹر حج آپریشن اقرار احمد ، انچارج حج آپریشن سیالکوٹ سید مجیب شاہ اور سابق ایم پی اے چوہدری ارشد وڑائچ نے عازمین حج کو رخصت کیا، عازمین کو پھولوں کے ہار پہنائے گئےاور وطن عزیز کی ترقی و استحکام کے لیے خصوصی دعائوں کی درخواست کی گئی۔
انچارج حج آپریشن سید مجیب شاہ نے”اے پی پی “سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ سیالکوٹ انٹرنیشنل ایئرپورٹ لمیٹڈ سے حج پروازیں 21 جون تک جاری رہیں گی۔ انہوں نے بتایا کہ مجموعی طور پر 13 پروازوں کے ذریعے 4500 عازمین حج کو سعودی عرب پہنچایا جائے گا۔











