ملتان،25 مئی(اے پی پی ): ملتان کسٹم کلکٹریٹ انفورسمنٹ نے بڑی کارروائی کرتےہوئے منفرد انداز میں مسافر بس میں سمگلنگ کی کوشش کو ناکام بناتے ہوئےڈھائی کروڑ روپے مالیت سے زائد چھالیاں ، خشک دودھ اور دیگر سامان کو بس سمیت ضبط کرلیا ہے۔
اس حوالے سے کسٹم کلکٹریٹ ملتان انفورسمنٹ ڈاکٹر رحمت اللہ وسترو نے میڈیا کے سامنےپریس کانفرنس کرتےہوئے انکشاف کیاہے کہ کسٹم کلکٹر یٹ ملتان جنوبی پنجاب کی اہم کلکٹر یٹ ہے جو پنجاب کے دورمیان واقع ہےہمیں خفیہ ذرائع سے ایک اطلاع موصول ہوئی تھی کہ ملتان میں ایک مسافربس نیومحکترنامی بس داخل ہورہی ہے جس کے ایمرجنسی گیٹ کے نیچے خفیہ خانوں میں کروڑوں روپے مالیت کا نان کسٹم پیڈ سامان چھپا کر لایا جارہاہے جس پر ایڈیشنل کلکٹر راناعرفان شوکت ، اسسٹنٹ کلکٹر ہیڈکوارٹر حبیب الرحمن کو مذکورہ سمگلنگ کی کو شش کو ناکام بنانے کے لئے کارروائی کے احکامات جاری کئے گئے۔
کلکٹر نے بتایا کہ سمگلنگ کے لئے موٹروے کو آسان ہدف سمجھا جاتا ہے جہاں صرف گاڑی کے وزن کو کم رکھنے کے معیار کو اپنا کر نان کسٹم پیڈ سامان گزارا جاتا ہے کسٹم اینٹی سمگلنگ سٹاف نے شیر شاہ ٹول پلازہ کے قریب مسافر بس کو روک کر تلاشی لی تو اس دوران بس کے خفیہ خانوں سے ڈیڑھ کروڑ مالیت کی غیرملکی چھالیہ ، 70لاکھ مالیت کا خشک دودھ اور 50لاکھ مالیت کی مسافر بس کو قبضے میں لیکر ضبط کرلیا گیا ، اس آپریشن کے دوران پکڑے گئے سامان کی کل مالیت ڈھائی کروڑ روپے کے لگ بھگ ہے۔
کسٹم کلکٹر رحمت اللہ وسترو نے بتایا کہ کسٹم کلکٹریٹ ملتان سے قبل مذکورہ مسافر بس دو کلکٹریٹ کی حدود سے گزر کر داخل ہوئی ہے تاہم ملتان کسٹم کی جانب سے سمگلنگ کی کوئی گنجائش فراہم نہیں کی جارہی ہے اور ملتان کسٹم بہت جلد عوام کی سہولت کےلئے اور سمگلرز کی معلومات کے لئے ایک واٹس ایپ نمبر لانچ کرےگی جس کا مقصد سمگلنگ کا قلع قمع کرنا ہوگا ، ملتان کسٹم نے پچھلے 23دنوں کے دوران 7نان کسٹم پیڈ گاڑیاں ،پوپی سیڈز،چھالیاں ،گٹکا،سگریٹس کپڑااوردیگر اشیا 12کروڑ 82لاکھ روپے مالیت کا سامنا پکڑ کر ضبط کیا ہے اور سمگلرز کیخلاف مزید کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے ۔