سیلابی صورتحال سے نپٹنے کیلئے ریسکیو1122 سمیت تمام ادارے ہمہ وقت تیار ہیں؛ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرفنانس اوکاڑہ

7

اوکاڑہ،25 مئی (اے پی پی):ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرفنانس چوہدری طاہر امین  نے کہا ہے کہ ایمرجنسی یا متوقع سیلابی صورتحال سے نپٹنے کیلئے ریسکیو1122 سمیت تمام ادارے ہمہ وقت تیار ہیں۔

 ان خیالات کا اظہار انہوں نے   موک ایکسر سائز برائے مون سون و ممکنہ سیلاب 2023 کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا ہے کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نپٹنے کے لئے محکموں کی استعداد کار کوجانچنا،باہمی ربط و ربط کے ذریعے اقدامات کو حتمی شکل دینے کی منصوبہ بندی اور کم سے کم وقت میں صورتحال کو کنٹرول کرنے کے لئے اقدامات موک ایکسر سائز کا بنیادی مقصد ہے۔ ضلع بھر کے سرکاری محکموں نے ریسکیو 1122کی جانب سے منعقد کی جانے والی لوئر باری دو آب پر فلڈ موک ایکسر سائز میں بھر پور شرکت کی۔پری مون سون اور متوقع سیلابی صورتحال سے نپٹنے کے لئے تمام محکموں کی تیاریاں مکمل اور امدادی کارروائیوں میں استعمال ہونے والے آلات بھی آپریشنل حالت میں ہیں۔ کسی بھی ہنگامی و متوقع سیلابی صورتحال میں لوگوں کی جان و مال کی حفاظت کے لئے تمام وسائل بروئے کار لاتے ہوئے مصیبت میں پھنسے افراد کی مدد کیلئے ضلعی انتظامیہ اور سرکاری ادارے صف اوّل دستہ ریسکیو 1122 کے ہمراہ ہوں گے۔

قبل ازیں ریسکیو 1122کے جوانوں کی جانب سے سلامی دی گئی اور کشتیوں کے دستہ نے مارچ پاسٹ کیا۔ جس کے بعد ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ظفر اقبال نے تمام اداروں کے سربراہان اور خصوصی طور پرر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرفنانس چوہدری طاہر امین اور پی ڈی ایم اے کے نمائندہ کو موک ایکسر سائز پر خوش آمدید کہا اور موک ایکسرسائز غرض و غایت پر روشنی ڈالی۔

 موک ایکسر سائز میں ریسکیو 1122 کی جانب سے انسیڈنٹ کمانڈ پوسٹ، میڈیکل، لاجسٹک اور مینٹینس کیمپس لگائے گئے جبکہ محکمہ صحت،محکمہ تعلیم،لائیو سٹاک،زراعت،سوئی گیس،سول ڈیفنس،پولیس،میونسپل کارپوریشن،محکمہ تعلقات عامہ،کمیونٹی ایمرجنسی ریسپانس ٹیمز (اوکاڑہ، دیپالپور اور رینالہ خورد) کے رضاکاروں اور ایدھی فاؤنڈیشن کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے فلڈ موک ایکسرسائز حصہ لیا اور ممکنہ سیلابی صورتحال سے نبردآزما ہونے کیلئے اپنے فرائض کو خوش اسلوبی سے سر انجام دیا۔

  ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرفنانس چوہدری طاہر امین ریسکیو 1122کی آپریشنل تیاری کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ تمام محکموں نے جس پروفیشنل انداز میں موک ایکسر سائز میں حصہ لیا ہے وہ لائق تحسین ہے جبکہ پی ڈی ایم اے کے نمائندہ نے بھی ریسکیو 1122 اور تمام محکموں کی تیاریوں اور زیر استعمال مشینری کو مکمل طور پر آپریشنل کنڈیشن میں دیکھ کر اطمینان کا اظہار کیا۔

 اس موقع پر سرکاری محکموں کی جانب سے آگاہی ریلیف کیمپ لگائے گئے اور افسران نے اپنے اپنے آگاہی فلڈ ریلیف کیمپوں سے متعلق بریفنگ دی۔ فلڈ موک ایکسرسائز میں ریسکیو 1122 کی جانب سے سیلاب میں پھنسے افراد کو بچانے اور متاثرہ خاندانوں کو بمعہ ان کے مال و مویشیوں سمیت پیشہ وارانہ طریقے سے محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کا عملی مظاہرہ بھی کیا۔