اسلام آباد،3جون (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی آغا حسن بلوچ نے کہا ہے کہ اتحادی حکومت پارلیمنٹ کی بالادستی اورقانون کی حکمرانی پر یقین رکھتی ہے اور اداروں کیساتھ کھڑی ہے، اتحادی حکومت کے لئے سب سے پہلے پاکستان کے مفادات ہیں،جمہوریت کے فروغ کے لئے صحافتی طبقے کی خدمات قابل قدر ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو وزارت سائنس و ٹیکنالوجی میں منعقدہ جرنلسٹ فائونڈیشن کے زیر انتظام پلرز آف پاکستان ایوارڈز 2023 کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ لوگ معاشرے کے سب سے خطرناک لوگ ہوتے ہیں جو ذاتی مفادات کو ریاست کے مفادات سے بلند خیال کرتے ہیں اور ذاتی مفادات کے حصول کے لئے ریاست کو منتشر کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ معاشرے میں اصلاح سازی و مظلوم کی آواز کو تقویت دینے میں صحافتی برادری ملک میں کلیدی کردار ادا کر رہی ہے، جمہوریت کے فروغ کے لئے صحافتی طبقے کی خدمات قابل قدر ہیں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ سابقہ حکومت نے میڈیا کو کنٹرول کرنے کے لئے قانون سازی کی جبکہ موجودہ حکومت آزادانہ صحافتی اقدار پر یقین رکھتی ہے۔انہوں نے کہا کہ معاشی تحفظ سے آزاد صحافت پروان پاتی ہے، وہ پرنٹ و الیکٹرانک میڈیا مالکان سے گزارش کرتے ہیں کہ صحافیوں کے لئے ایسی معاشی پالیسیاں وضع کی جائیں جن سے صحافیوں کا مستقبل اور انکے بچوں کا مستقبل محفوظ ہو۔
تقریب کے اختتام پر وفاقی وزیر آغا حسن بلوچ نے الخدمت فائونڈیشن پاکستان، قائداعظم یونیورسٹی کے پروفیسر ڈاکٹر تصور حیات اور سابق ڈائریکٹر سپورٹس واہ کینٹ محمد توفیق کو انکی خدمات کےاعتراف میں پلرز آف پاکستان ایوارڈ 2023 سے نوازا۔
قبل ازیں مرکزی صدر جرنلسٹ فائونڈیس ذوالفقار ملک، جنرل سیکرٹری رفاقت حسین اور جنرل (ر) عبدالقیوم ملک نے بھی تقریب سے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ تقریب میں سیاسی، سماجی صحافتی و ادب کے شعبوں سے وابستہ نمایاں شخصیات نے شرکت کی۔











