خوشاب،04 جون(اے پی پی):اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ ہمارے شہیدوں کی جو تذلیل کرے گا ہمیں انہیں معاف نہیں کرنا چاہیے، پاکستان کی فوج کا جو دشمن ہے وہ پاکستانی نہیں ہو سکتا۔
آئین کی گولڈن جوبلی تقریبات کی مناسبت سے خوشاب میں فقید المثال عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ میں آج یہاں آئین پاکستان گولڈن جوبلی تقریبات کے حوالے سے تشریف لایا ہوں، اس سال ہم آئیں پاکستان کی گولڈن جوبلی منا رہے ہیں۔
اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ مجھے یہ جان کر بہت حیرت ہوتی ہے کہ ہم کس قسم کی سیاست کر رہے ہیں، سیاست کا مقصد ہار جیت نہیں ہونا چاہیے،سیاست کا مقصد عوام کا معیار زندگی بہتر بنانا ہونا چاہیے، وہ سیاست جس سے عوام کے مسائل حل نا ہو سکیں وہ سیاست کسی کام کی نہیں۔
راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ ووٹ کی پرچی صرف پرچی نہیں ہونی چاہیے بلکہ وہ پرچی آپ کے مسائل کے خاتمے کی پرچی ہونی چاہیے، خوشاب کے غیور عوام نے اپنے حق رائے دہی کا درست فیصلہ کیا تو آپ کے مسائل ختم ہو جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب میں 45 سالوں سے پیپلز پارٹی کو عوام کی خدمت کا موقع نہیں دیا گیا، اپنے مسائل کے حل کے لیے آپ کو درست فیصلہ کرنا ہو گا، خوشاب جیسے خوبصورت ضلع میں اگر یونیورسٹی نہیں تو سمجھ لیں پنجاب کا ایک خوبصورت خطہ پسماندہ ہے۔
اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ خوشاب کو اللہ تعالیٰ نے بے شمار قدرتی وسائل سے مالامال کیا ہے، خوشاب میں سیاحت کے بے پناہ مواقع موجود ہیں،
علاقے کی قسمت بدلنے میں لیڈر شپ کا کردار کلیدی اہمیت کا حامل ہے، لیڈر شہید ذوالفقار علی بھٹو جیسا ہونا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ آج کل لیڈر سر پر بالٹی رکھ کر عدالتوں میں پیش ہوتے ہیں۔
اسپیکر نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی اپنے ورکرز اور کارکنان کو عزت دیتی ہے،ملک علی ساول اعوان اور ملک اظہر اعوان خوشاب کی قسمت بدلیں گے،خوشاب کی عوام ان دونوں نوجوان کے ہاتھ مضبوط کریں آپ کے مسائل حل ہونگے۔انہوں نے کہا کہ خوشاب کی عوام سے کیے گئے وعدوں کو پورا کیا جائے گا۔