بورے والا،06جون(اے پی پی):ورلڈ بنک ماڈل سٹی منصوبے کے تحت بورے والا کو ماڈل سٹی بنانے کے لئے پہلے مرحلہ میں صفائی اور نکاسی آب کے نظام کے لئے 135 ملین روپے کی جدید مشینری فراہم کردی گئی ہے۔ ڈپٹی کمشنر وہاڑی سید آصف حسین شاہ نے مسلم لیگ(ن) کے اراکین پارلیمنٹ،سول سوسائٹی اور تاجر تنظیموں کے ہمراہ ایک تقریب میں مشینری کی فراہمی کا افتتاح کیا۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ اربوں روپے کی خطیر رقم کے اس منصوبے کے تحت ناصرف میونسپل کمیٹی کو جدید مشینری فراہم کی جارہی ہے بلکہ شہر میں سڑکوں کی تعمیر اور سٹریٹ لائٹس کے لئے بھی ایک ارب 20 کروڑ کی گرانٹ منظور ہوچکی جس پر جلد کام شروع ہوجائے گا۔
اراکین پارلیمنٹ اور سول سوسائٹی کے ارکان نے اس منصوبے کو شہر کی تعمیر و ترقی میں ایک انقلاب قرار دیا ہے۔ بورے والا شہر کو ماڈل سٹی بنانے کے اس منصوبے کی تکیمل سے ناصرف شہریوں کو تمام بنیادی سہولیات فراہمی یقینی بنائی جائے گی بلکہ شہر کو خوبصورت بنانے کے لئے بھی خطیر رقم خرچ ہوگی۔