ملتان۔8جون (اے پی پی):نگران صوبائی وزیر اوقاف و مذہبی امور اور ہاؤسنگ اربن ڈویلپمنٹ اینڈ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ بیرسٹر سید اظفر علی ناصر نے کہاہے کہ ترقیاتی کاموں کی تکمیل سے عوام کو ریلیف ملے گا۔لوگوں کی مشکلات کو کم کرنے کے لئے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ان خیالات کااظہارانہوں نے جمعرات کے روزکمشنر آفس ملتان میں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا ۔اجلاس میں مختلف محکموں کی کارکردگی، مسائل اور ترقیاتی کاموں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں محکمہ انہار، سوشل ویلفیئر، پاپولیشن ویلفیئر، ہیلتھ، خوراک،زراعت،لائیوسٹاک،زکوٰة وعشر،اوقاف و مذہبی امور،پی ایچ اے،واسا، ایم ڈی اے، پی ایچ ای، پی ایچ اے ٹی اے،میونسپل کارپوریشن اور ملتان ویسٹ منیجمنٹ اودیگرمحکموں کےحوالے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔اس مو قع پرصوبائی وزیر نے مختلف محکموں کو کارکردگی مزید بہتر بنانے کی ہدایت کی اورکہاکہ متوقع بارشوں اورسیلاب کے پیش نظر تیاریاں مکمل کی جائیں اورتمام حفاظتی انتظامات،اقدا مات مکمل کئے جائیں۔محکمہ پاپولیشن ویلفیئر اپنی کارکردگی کو مزید بہتر کرے، محکمہ زراعت کپاس کی بحالی کے بھرپور اقدامات جاری رکھیں ۔انہوں نے کہاکہ کاشتکاروں کی فلاح و بہبود کے لئے اہم اقدامات کئے جارہے ہیں۔جعلی کھاد اور جعلی زرعی ادویات بنانے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری رکھا جائے۔ انہوں نے محکمہ لائیو سٹاک کوہدایت کی کہ عیدالاضحی پر بہترین انتظامات کریںاور سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی عوام کو صفائی ستھرائی کی بہترین سہولیات فراہم کرے۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر ملتان ڈاکٹر عمر جہانگیر، سیکرٹری ہاو_¿سنگ اینڈ اربن ڈویلپمنٹ جنوبی پنجاب قیصر سلیم ڈی جی ایم ڈی اے زاہد اکرام،ایڈیشنل کمشنر سرفراز احمد، ایڈیشنل سیکرٹری ہاوسنگ جنوبی پنجاب رانا اخلاق ،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ملک سمیع، ایڈمنسٹریٹر اوقاف ضیاء المصطفی،سی او کارپوریشن چوہدری فرمائش، سی او ویسٹ مینجمنٹ کمپنی شاہد یعقوب،ڈپٹی ڈائریکٹر فوڈ شاہد کھوکھراور دیگر محکموں کے افسران بھی موجود تھے۔











