ملتان، 09 جون(اے پی پی ): صوبائی وزیر ہاﺅسنگ پنجاب سید اظفر علی ناصرکا ایم ڈی اے ہیڈ آفس کا دورہ،ڈائریکٹر جنرل ایم ڈی اے ڈاکٹر محمد زاہد اکرام نے صوبائی وزیر کا استقبال کیا۔صوبائی وزیرنے ون ونڈو کمرشلائزیشن اورون ونڈو آپریشن فار پبلک کی ورکنگ کا جائزہ بھی لیا۔
ڈائریکٹر جنرل ایم ڈی اے ڈاکٹر محمد زاہد اکرام نے ایم ڈی اے ون ونڈو سیل کی ورکنگ بارے بریف کرتے ہوئے بتایا کہ ایم ڈی اے میں کمرشلائزیشن کے عمل کو تیز اور شفاف بنانے کے لئے علیحدہ سے ون ونڈو سیل کا قیام کیا گیا، سائل کو سہولیات دینے کیلئے درخواست پر کام مکمل کر کے فوری طور پر چلان جاری کیا جاتا ہے، ایم ڈی اے کی ورکنگ کوڈیجیٹلائز کیا جا رہا ہے جس سے عوام الناس آن لائن درخواست اور فیس چالان جمع کرا سکیں گے،انہوں نے مزید بتایا کہ ایم ڈی اے کی تمام کالونیوں کا ریکارڈ زاور کمرشل روڈز کے ریکارڈز بھی کمپیوٹرائزڈ کئے جارہے ہیں۔
اس موقع پر صوبائی وزیر ہاﺅسنگ سید اظفر علی ناصر نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پبلک سروس ڈیلیوری کو تیز اور مزید بہتر کیا جائے، انہوں نے ڈی جی ایم ڈی اے ڈاکٹر محمد زاہد اکرام کو ہدایت کی کہ ایم ڈی اے میں آنے والے سائلین کی عزت و احترام کا خاص خیال رکھا جائے، شہریوں کو ون ونڈو سیل پر ایک چھت کے نیچے تمام تر سہولیات مہیا کی جائیں، کمرشلائزیشن اور نقشہ منظوری کے عمل کو سادہ اور آسان بنا کر عوام کو ریلیف دیا جائے۔
صوبائی وزیر اظفر علی ناصر نے ایم ڈی اے کی ورکنگ پر خوشی اور اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ غیر قانونی ہاؤسنگ سکیموں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی جاری رکھی جائے، غیر قانونی ہاؤسنگ سکیموں بارے عوامی آگاہی مہم چلائی جائے تاکہ عوام الناس کو غیر قانونی ہاؤسنگ سکیوں میں اپنی جمع پونجی ضائع کرنے سے پہلے مطلع کیا جا سکے،ایم ڈی اے کے جاری ترقیاتی منصوبوں کو بروقت مکمل کیا جائے، عوامی فلاح اور سہولیات کے منصوبے بنانے کیلئے تجاویز تیار کی جائیں۔











