لاہور، 9جون(اے پی پی): گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن سے آج یہاں گورنر ہائوس لاہور میں ترکیہ سے تعلق رکھنے والے یوروایشین یونیورسٹی یونین کے ڈاکٹر مصطفی آئیڈن نے ملاقات کی۔ پرائیویٹ سیکٹرز یونیورسٹیوں کے ریکٹرز اور ماہرین تعلیم بھی اس موقع پر موجود تھے۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے کہا کہ موجودہ حکومت ملک میں ہائر ایجوکیشن کے فروغ اور اسے بین الاقوامی معیار پر لانے کے لئے خصوصی توجہ دے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بطور چانسلر پنجاب میں سرکاری ونجی شعبہ میں یونیورسٹیز کی بہتری کے لئے مختلف قداما ت کئے ہیں ۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ یونیورسٹیوں میں سات اہم ترین شعبوں پر کنسورشیمزبنائے ہیں جس پر تمام جامعات مل کر کام کر رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ ان کی کوشش ہے کہ تمام جامعات ایک دوسرے کے ساتھ ملکر کام کریں اور آگے بڑھیں۔گورنر پنجاب نے کہا کہ سرکاری ونجی شعبہ کی یونیورسٹیاں ایک دوسرے کے تجربات سے بہتر فائدہ اٹھا سکتی ہیں۔گورنر پنجاب نے مزید کہا کہ پاکستان اور ترکی کے مابین بے مثال تاریخی اور برادرانہ تعلقات قائم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ مذہب وثقافت اور تاریخ کے لحاظ سے بھی مضبوط رشتے میں بندھے ہوئے ہیں۔
اس موقع پریوروایشین یونیورسٹی یونین کے ڈاکٹر مصطفی آئیڈن نے کہا کہ پاکستان میں ہائر ایجوکیشن میں بڑا پوٹینشل ہے۔انہوں نے کہا کہ نجی شعبہ کا ہائر ایجوکیشن کے فروغ میں بڑا کردار ہے ۔ڈاکٹر مصطفی نے کہا کہ ایپ سپ کے پلیٹ فارم سے پاکستان کی یونیورسٹیز کی ترکیہ میں تعلیمی کانفرنس میں شرکت نے اس کی اہمیت کواجاگرکیا۔ یوری کانفرنس کے ذریعے پاکستان کی نجی یونیورسٹیز اوردنیا کی دیگر یونیورسٹیز کے درمیان تعلیمی اشتراک سے ہائر ایجوکیشن میں مذید بہتری آئے گی۔ڈاکٹر مصطفی آئیڈن نے کہا کہ لاہور تاریخی اہمیت کاحامل ہے۔یہاں کے تاریخی مقامات دیکھ کربہت کچھ سیکھنے کا موقع ملا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان ترکیہ میں زلزلہ متاثرین کی مدد کیلئے سب سے پہلے پہنچا ۔انہوں نے کہا کہ ہم پا کستانیوں کی ترکیہ کے عوام سے محبت کونہیں بھول سکتے۔ ڈاکٹر مصطفی آئیڈن نے کہا کہ لاہور میں یونیورسٹیز حکام سے ملاقاتیں بہت مفید رہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ترک یونیورسٹیوں میں ہزاروں پاکستانی طلبا پڑھ رہے ہیں۔ڈاکٹر مصطفی آئیڈن نے گورنر پنجاب کا گورنر ہائوس میں مدعو کرنے پر شکریہ ادا کیا اور گورنر پنجاب کو ترکیہ میں ہونے والی کانفرنس میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی دعوت دی۔ چیئرمین سپیریئر یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر چوہدری عبدالرحمن نے کہا کہ گورنر پنجاب نے بطور وفاقی وزیر تعلیم بہت کام کیا۔انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر مصطفی آئیدن کے دورہ پاکستان سے ملک کے ہائر ایجوکیشن سیکٹر میں مزید بہتری کے مواقع پیدا ہونگے ۔اس موقع پر گورنر پنجاب نے ڈاکٹر مصطفی آئیدن کو سووینئر پیش کیا۔گورنرپنجاب کی اہلیہ نے ڈاکٹر مصطفی آئیدن کی اہلیہ کو پنجاب کی روایتی چادر پہنائی۔ ڈاکٹر مصطفی آئیدن نے گورنر پنجاب کو روایتی ترک سووینئر پیش کئے۔ اس موقع پر پروفیسر اقبال چوہدری ،ڈاکٹر چوہدری عبد الخالق ،میاں عمران مسعود،ڈاکٹر خلیق،حیدر امین ،ڈاکٹر عبدالباسط،ڈاکثر آصف رضا،ریحان یونس ،فیصل منظور،ڈاکٹر عمران اللہ،مرتضی نور، ڈاکٹر نائمہ خورشید،ڈاکثر عائشہ زاہد ،حمزہ رحمان اور اسد اللہ شیخ بھی موجود تھے۔