ڈیرہ غازی خان،13 جون (اے پی پی): ریجنل پولیس آفیسر کیپٹن (ر) سجادحسن خان اور کمشنر ڈاکٹر ناصر محمود کی زیر صدارت ڈویژنل اینڈ انٹیلی جنس کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں چاروں اضلاع کے ڈسٹرکٹ پولیس افسران نے اپنے اضلاع میں لاءاینڈ آرڈرکی موجودہ صورتحال ،اہم تنصیبات ،حساس مقامات و چینی شہریوں کی سکیورٹی سمیت عیدالاضحی کے حوالے سے سکیورٹی اقدامات سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔
اس موقع پر ریجنل پولیس آفیسر کیپٹن (ر) سجادحسن خان نے کہاکہ تمام ضلعی سربراہان اپنے اضلاع میں اہم تنصیبات،حساس مقامات اور خاص طور پر غیرملکی شہریوں کی سکیورٹی کے خود انتظامات کریں اور تمام تراقدامات کا ازسرنو جائزہ لیں،اہم تنصیبات پر تعینات پرائیویٹ سکیورٹی گارڈز کی پروفیشنل تربیت کرائی جائے۔
انہوں نے کہاکہ مذہبی عبادت گاہوں ، حساس مقامات اور بینکوں کی فول پروف سکیورٹی کو یقینی بنایا جائے اور بین الصوبائی و بین الاضلاعی چیک پوسٹوں پر سخت سکیورٹی کو یقینی بناتے ہوئے داخلی و خارجی راستوں پر سخت چیکنگ کو جاری رکھا جائے، دوران گشت اور سرچ آپریشن کے دوران مشکوک افرادکو بذریعہ ای پولیس ایپ چیک کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ تمام اضلاع میں عیدالاضحی کے حوالے سے فول پروف سکیورٹی اقدامات کیئے جائیں اور مویشی منڈیوں میں حکومت کی طرف سے جاری کردہ ایس او پیز پر مکمل عملدرآمد کرایا جائے، مویشیوں کو لے کرجانے والی گاڑیوں اور بیوپاریوں کی سکیورٹی کیلئے ہائی وئیز اور دیگر شاہرات پر پٹرولنگ ،پکٹنگ اور سنیپ چیکنگ عمل میں لائی جائے۔
انہوں نے کہا کہ قانون شکنی کے مرتکب افراد کو خلاف بلاتفریق قانون کے شکنجے میں لایا جائے اور امن و امان کی صورتحال کو قائم رکھنے کیلئے تمام وسائل بروئے کارلائے جائیں۔
اجلاس میں ڈیرہ غازیخان ،مظفر گڑھ ،لیہ، راجن پور کے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسران ،ڈپٹی کمشنرز، سکیورٹی ایجنسیز کے ڈویژنل سربراہان اور دیگر افسران نے شرکت کی۔











