ناروال؛ حکومت پنجاب کی طرف سے کاشتکاروں میں زرعی آلات کی فراہمی کیلئے قرعہ اندازی کا انعقاد

36

نارووال،13 جون(اے پی پی): محکمہ اصلاح آبپاشی کے زیراہتمام پنجاب حکومت کی طرف سے کاشتکاروں میں سبسڈی پرزرعی آلات لیزرلینڈ لیولرکی فراہمی کے حوالے سے قرعہ اندازی کاانعقادکیاگیا۔

قرعہ اندازی تقریب میں ڈپٹی کمشنرمحمداشرف مہمان خصوصی تھے۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرفنانس اینڈ پلاننگ محمدسلیم ،ڈپٹی ڈائریکٹراصلاح آبپاشی چوہدری محمداکرم،اسسٹنٹ ڈائریکٹرذوالفقارعلی واپڈا،لیاقت علی،ڈی آئی او احسان الحق چوہدری،فوکل پرسن قدیراحمد کے علاوہ قرعہ اندازی میں حصہ لینے والے کاشتکاروں نے شرکت کی۔

ڈپٹی ڈائریکٹراصلاح آبپاشی چوہدری محمداکرم نے ڈپٹی کمشنرنارووال کوبریفنگ دیتے ہوئے کہاکہ پنجاب حکومت کی طرف سے ضلع نارووال کے کاشتکاروں کیلئے کروڑوں روپے کی لاگت سے یہ منصوبہ شروع کیاگیاہے اور پنجاب حکومت لیزرلینڈلیولرپرایک کاشتکارکو2لاکھ 50ہزارروپے کی سبسڈی دے گی،ڈی ڈی اصلاح آبپاشی نے بتایاکہ اس حوالے سے تحصیل نارووال کے کاشتکاروں کے لئے 13ظفروال کیلئے 9اورتحصیل شکرگڑھ کیلئے18جبکہ مجموعی طورپر 40لیزرلینڈلیولرکے 95درخواستیں محکمہ کوموصول ہوئیں جن میں 14درخواستیں نامکمل قرار پائی گئیں اور81درخواستوں پرقرعہ اندازی کو شفاف طریقے سے یقینی بنایاگیاہے۔

ڈپٹی کمشنرنارووال نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہاکہ پنجاب حکومت شعبہ زراعت کومضبوط بنانے کے لیے عملی اقدامات کررہی ہے کیونکہ کسان ملکی ترقی وخوشحالی کاضامن ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملکی معیشت کازیادہ ترانحصار شعبہ زراعت پر ہے اورکسان شعبہ زراعت کومضبوط بنانے میں ریڑھ کی ہڈی کاکرداراداکررہاہے،انہوں نے مزیدکہاکہ کاشتکاروں کووقت کے ساتھ ساتھ جدید زرعی ٹیکنالوجی کااستعمال کرکے اپنی زرعی پیداوارمیں اضافہ کرکے ملک کی ترقی وخوشحالی میں اپنابھرپورکردار اداکریں۔انہوں نے کاشتکاروں سے اپیل کی کہ وہ محکمہ زراعت کی طرف سے جاری منصوبوں سے بھرپور فائدہ اٹھائیں ،انہوں نے کہاکہ پنجاب حکومت کی طرف سے کاشتکاروں کیلئے کئے جانے والے اقدامات کی بدولت زراعت کے شعبہ کوپروان چڑھانے میں بھرپورمددملے گی۔

تقریب کے دوران لیزرلینڈلیولرکی قرعہ اندازی کی گئی اورقرعہ اندازی میں لیزرلینڈ لیولرحاصل کرنے والے کاشتکاران کوڈپٹی کمشنرنارووال نے مبارکباد دی۔