شمالی وزیرستان،15 جون(اے پی پی ): امن و امان کی بحالی کے حوالے سے پاک فوج کے زیر اہتمام میرانشاہ میں مشاعرے کا انعقاد، مشاعرے میں ضلع بھر سے کم عمر اور عمر رسیدہ شعراءکرام نے شرکت کی ۔
تفصیلات کے مطابق شمالی وزیرستان میں میرانشاہ ٹوچی ہال میں پاک فوج نے امن و امان کی بحالی کے حوالے سے پشتو زبان کے مشاعرے کا اہتمام کیا جس میں ضلع بھر سے 51 کم عمر اور عمر رسیدہ شعراءنے اپنی بہترین شاعری کا مظاہرہ کرکے اپنے کلا م سے سامعین کوخوب محظوظ کیا۔
مشاعرے میں جی او سی سیون ڈویژن میجر جنرل نعیم اختر مہمان خصوصی تھے، اس موقع پر سول و فوج افسران، قبائلی مشران اور کثیر تعداد میں شہریوں نے شرکت کی، جی او سی نے بہترین شاعری پیش کرنے والے شعراءمیں موٹر سائیکلز، لیپ ٹاپس،موبائل فونز وغیرہ اورنقد انعامات بھی تقسیم کئے۔
جی او سی سیون ڈویژن نعیم اختر نے مشاعرے میں اپنے خطاب میں کہا کہ ادب و فنون لطیفہ کا قومی شعور کے فروغ میں ہمیشہ اہم کردار رہا ہے، انہوں نے مزیدکہا کہ تعلیم اور ادب ایک سکے کے دو رخ ہیں جن سے قوموں میں شعور اجاگر ہوتا ہے اور وہ اچھے برے کی پہچان کرتی ہیں۔