اوکاڑہ،15جون(اے پی پی ):ڈپٹی کمشنرڈاکٹر محمد ذیشان حنیف کی خصوصی ہدایت پریوم ڈینگی کی مناسبت سے ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی نے ڈی ایچ ڈی سی ھال میں سیمینار کا انعقاد کیا۔ چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی ڈاکٹر سیف اللہ وڑائچ نے سیمینار کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ 15 جون کو دنیا بھر میں ورلڈ ڈینگی ڈے کےطور پر منانے کامقصد ڈینگی بخارجیسے موذی مرض سے بچاؤ کے حوالے سے آ گاہی دینا اوراس سلسلے میں جاری اقدامات کا از سرنو جائزہ لینا ہے۔
ڈاکٹر سیف اللہ وڑائچ نے کہا کہ حکومت پنجاب کی ہدایات کے مطابق ضلع کے ڈسٹرکٹ اور تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتالوں میں ڈینگی بخار کی تشخیص اور علاج کے لئے تمام ضروری اقدامات کیے گئے ہیں اور اس ضمن میں لیبارٹریزمیں ڈینگی بخار کی تشخیص کی سہولیات اور علاج کے لیے تمام ادویات مفت دستیاب ہیں۔انہوں نے مزید بتایا کہ ضلع بھر میں محکمہ صحت کی ٹیمیں گھر گھر جا کر ڈینگی ویکٹر سرویلینس کر رہی ہیں اور ڈینگی لاروا کو تلف کر نےکے ساتھ ساتھ ڈینگی بخار سےبچاؤ کے لیے آگاہی بھی دے رہی ہیں۔
سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر اوکاڑہ نے ڈینگی مچھر کی افزائش روکنے کے لئے ویکٹر سرویلینس کے جدید تقاضوں کو بروئے کار لانے اور عوام الناس میں ڈینگی بخار سے بچاؤ کیلئے آ گاہی کی مہم کو مزید تیز کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
سیمینار سے چوہدری اصغرعلی سی ڈی سی آفیسراوکاڑہ اورحافظ محمد عبداللہ ڈسٹرکٹ انٹومالوجسٹ اوکاڑہ نے بھی خطاب کیا اور ضلع میں ڈینگی کے خلاف جاری اقدامات پر روشنی ڈالی ۔
مقررین نے اس عزم کا اظہار کیا کہ مشترکہ کوششوں سے گزشتہ سالوں کی طرح آ ئندہ بھی ضلع اوکاڑہ ان شاءاللہ ڈینگی فری ڈسٹرکٹ رہے گا۔سیمینار میں مختلف مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے لوگوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔