برآمدات اور غیر ملکی سرمایہ کاری بڑھا کر پاکستان معاشی چیلنجز پر قابو پاسکتا ہے؛ صدر مملکت

9

اسلام آباد،20جون  (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے تجارت میں اضافے  کے لئے اقتصادی سفارت کاری پر توجہ دینے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ برآمدات اور غیر ملکی سرمایہ کاری بڑھا کر پاکستان معاشی چیلنجز پر قابو پاسکتا ہے۔

ان خیالات کا اظہار  انہوں نے ڈنمارک اور روانڈا کیلئے پاکستان کے نامزد سفراء سے  ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ملکی برآمدات بڑھانے  کے لئے اقتصادی و تجارتی سفارت کاری پر توجہ دینا ہوگی۔

صدر مملکت سے ڈنمارک میں پاکستان کے نامزد سفیر شعیب سرور نے ملاقات کی۔انہوں نے کہا کہ نامزد سفیر ملکی برآمدات بڑھانے کیلئے اقتصادی سفارت کاری پر توجہ دیںاور  ڈیری اور زراعت کے شعبوں میں ڈنمارک کی کمپنیوں کو سرمایہ کاری کی دعوت دی جاسکتی ہے، انفارمیشن ٹیکنالوجی بھی تعاون بڑھانے کیلئے ایک اہم شعبہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ نامزد سفیر ڈنمارک کی ہوائی توانائی کی کمپنیوں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کیلئے مدعو کریں، نامزد سفیر قابلِ تجدید توانائی کے شعبے میں تعاون مزید وسیع کرنے کیلئے کام کریں۔صدر مملکت نے امید ظاہر کی کہ وزارتی سطح پر حالیہ تبادلوں سے دونوں ممالک کے درمیان باہمی فائدہ مند تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔

 صدر ڈاکٹر عارف علوی سے روانڈا میں پاکستان کے نامزد ہائی کمشنر نعیم اللہ خان  نے بھی ملاقات کی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان روانڈا کے ساتھ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے ، دونوں ممالک میں خوشگوار تعلقات ہیں۔

 صدر  نے کہا کہ زراعت، تحفظِ خوراک اور انسانی وسائل کے شعبے میں تعاون کے وسیع امکانات ہیں، نامزد سفیر درآمد کنندگان اور برآمد کنندگان کو مدد فراہم کرکے تجارتی تعلقات مزید بہتر بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ نامزدسفیر روانڈا کے تاجروں کو پاکستانی مارکیٹ تک رسائی دینے کیلئے ان سے رابطہ کریں۔

 صدر مملکت نے دونوں سفراء کو مقبوضہ جموں و کشمیر میں ہونے والے مظالم اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں اجاگر کرنے کی بھی ہدایت کی۔