نارووال؛ڈسٹرکٹ سول ڈیفنس آفیسر کا حبکو پاور پلانٹ کا دورہ، فائر سیفٹی سسٹم کا جائزہ لیا

11

نارووال،21جون (اے پی پی): ڈسٹرکٹ سول ڈیفنس آفیسر عاصم ریاض واہلہ کا ڈپٹی کمشنرمحمداشرف کی ہدایت پرحبکو پاور پلانٹ کادورہ کیا،منیجرحبکوپاورپلانٹ انجم رفیق بٹ,ڈی آئی او احسان الحق چوہدری،پی آر اوحبکو پلانٹ اشک نازانجم,فوکل پرسن علی رضا،محمد شریف باجوہ ودیگر اس موقع پرموجود تھے۔

سول ڈیفنس آفیسر عاصم ریاض واہلہ کو اس موقع پرحبکو پاور پلانٹ کی سیفٹی ٹیم نے پلانٹ پر موجود سیفٹی سسٹم پر مکمل بریفنگ دی،اس دوران حبکو پاور پلانٹ کی سیفٹی ٹیم کی جانب سےپلانٹ پر آگ لگنے کی صورت میں آگ پر قابو پانے کے حوالے سے ایک فرضی مشق بھی کی گئی۔

بعد ازاں سول ڈیفنس کے عملے کی جانب سے فائر سیفٹی مئیرز،سپائرل سسٹم اور ہائیڈرنٹ سسٹم کے ساتھ ساتھ آگ پر قابو پانے والے پاؤڈر، کاربن ڈائی آکسائیڈ کے سلنڈر اور متعلقہ عملے کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کی بھی جانچ کی گئی۔

اس موقع پر سول ڈیفنس آفیسر نارووال عاصم ریاض واہلہ نے کہاکہ کسی بھی انڈسٹریل یونٹ کیلئے سیفٹی سسٹم کی موجودگی انتہائی بنیادی ضروریات میں شامل ہے،ایک اپ ٹو ڈیٹ سیفٹی سسٹم سے جہاں انسانی زندگیوں کو کسی بھی قسم کی ہنگامی صورتحال سے محفوظ رکھا جا سکتا ہے وہاں کروڑوں روپے کی مالیت کے سامان اور مشینری کو بھی اس سسٹم کے ذریعے کسی بڑے نقصان سے محفوظ بنایا جاسکتا ہے اسی مقصد کے حصول کی خاطر محکمہ سول ڈیفنس پنجاب ہر چھوٹی بڑی صنعت کو ایک مناسب سیفٹی سسٹم کی موجودگی کو یقینی بنانے کی ترغیب دیتا ہے تاکہ ہنگامی صورتحال میں قیمتی ترین انسانی جانوں اور مہنگی ترین مشینری کو کسی بھی قسم کے نقصان سے محفوظ بنایا جا سکے۔