نگران صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم کی سربراہی میں محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن میں اہم اجلاس

10

لاہور۔21 جون ( اے پی پی ): نگران صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم کی سربراہی میں محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن میں اہم اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں سیکرٹری صحت پنجاب علی جان خان، سپیشل سیکرٹری سید واجدعلی شاہ، ایڈیشنل سیکرٹری ٹیکنیکل ڈاکٹر حافظ شاہد لطیف، پرنسپل علامہ اقبال میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر ندیم حفیظ بٹ، ایم ایس سروسز ہسپتال ڈاکٹر احتشام الحق، ایڈیشنل سیکرٹری میڈیکل ایجوکیشن ڈاکٹر حافظ محمد وسیم، وائس چانسلر یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز پروفیسر ڈاکٹر احسن وحید راٹھور، پرنسپل نشتر میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر راشد قمر راؤ، جناح ہسپتال سے اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر شبیر چوہدری، مئیو ہسپتال سے سینئر رجسٹرار ڈاکٹر سلمان کاظمی، وائی ڈی اے پنجاب سےمدثر اشرفی ودیگر نے شرکت کی۔نگران صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم نے اجلاس کے دوران پوسٹ گریجویٹ میڈیکل ڈپلومہ پروگرام کے حوالہ سے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔متعلقہ افسران نے اس حوالہ سے نگران صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جاوید کو  بریفننگ دی۔نگران صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن ڈی ایچ کیوز اور ٹی ایچ کیوز میں ڈاکٹرز کی کمی کو ترجیحی بنیادوں پر پورا کرنے کیلئے انقلابی قدم اٹھا رہا ہے۔ پنجاب میں پوسٹ گریجویٹ میڈیکل ڈپلومہ پروگرام کے آغاز سے ڈی ایچ کیوز اور ٹی ای کیوز میں ڈاکٹرز کی کمی کو ترجیحی بنیادوں پر پورا کرنے میں مدد ملے گی۔انہوں نے کہا کہ  پوسٹ گریجویٹ میڈیکل ڈپلومہ پروگرام پنجاب کی تمام طبی درسگاہوں میں شروع کیا جائے گا۔سو سیٹیں ایم سی پی ایس اور سو سیٹیں پوسٹ گریجویٹ میڈیکل ڈپلومہ کیلئے مختص کی جائیں گی۔پنجاب میں پوسٹ گریجویٹ میڈیکل ڈپلومہ پروگرام کیلئے ایک مربوط ڈیش بورڈ ڈیزائن کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب میں پوسٹ گریجویٹ میڈیکل ڈپلومہ پروگرام میں داخلہ کیلئے یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز اینٹری ٹیسٹ لے گی۔ڈاکٹر کو پوسٹ گریجویٹ میڈیکل ڈپلومہ پروگرام میں داخلہ کیلئے محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن سے این او سی لینا ہوگا۔ پوسٹ گریجویٹ میڈیکل ڈپلومہ پروگرام کا اکیڈمک کیلنڈر ہر سال دسمبر کے مہینے میں جاری کیا جائے گا۔