سیالکوٹ،21 جون (اے پی پی ):وزیر اعلی پنجاب کے مشیر برائے سپورٹس وہاب ریاض نے سیالکوٹ کا دورہ کیا۔انہوں نے ڈپٹی کمشنر عدنان محمود اعوان کے ہمراہ ساہو والا کے قریب نہر اپر چناب میں ریسکیو 1122کے زیر اہتمام سیلاب کی صورت میں ریسکیو اینڈ ریلیف کی تیاریوں کا جائزہ لینے کیلئے مشقوں کا معائنہ کیا، سبلائم فلائی اوور سپورٹس ارینا کا دورہ کیا اور ڈی سی کمپلکس میں اجلاس کی صدارت کی۔اس موقع پر ڈی پی او سیالکوٹ محمد حسن، اے ڈی سی ریونیو محمد اقبال، ڈائریکٹر یوتھ افئیرز پنجاب سپورٹس بورڈ عمیر حسن بھی موجود تھے۔ وزیر اعلی پنجاب سید محسن نقوی کی ہدایت پر دورہ سیالکوٹ کے دوران مشیر برائے سپورٹس وہاب ریاض نے میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ جناح اسٹیڈیم کی گراؤنڈ دو ماہ میں تیار کرنے کیلئے ہدایات جاری کر دی گئی ہیں تاکہ یہاں کرکٹ کی سرگرمیوں کا فوری آغاز ہو سکے، دو ارب روپے لاگت سے جناح اسٹیڈیم کی تعمیر نو کا منصوبہ آئندہ مالی سال میں جاری رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہاکی اسٹیڈیم کیلئے نئی آسٹروٹرف کی امپورٹ کیلئے درپیش مسائل کو جلد حل کرنے کی کوشش کی جائے گی، پرانی آسٹروٹرف یتیم خانہ ہاکی گراؤنڈ میں بچھانے کیلئے ہاکی ایسویسی ایشن کو دینے کی منظوری دی جاچکی ہے۔ مشیر برائے سپورٹس پنجاب وہاب ریاض نے سبلائم فلائی اوور سپورٹس ارینا منصوبے کو زبردست سراہا اور کہا کہ دیگر اضلاع میں بھی فلائی اوورز کے نیچے دستیاب جگہ کے اس نوعیت کے منصوبوں کی حوصلہ افزائی کی جائے گی جبکہ ضلعی انتظامیہ کی طرف سے مستقبل میں یہاں مزید کھیلوں کے کورٹس بنانے کا منصوبہ قابل تعریف ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب جہاں نوجوانوں کو کھیلوں کے بہترین مواقع کی فراہمی کیلئے پرعزم ہے وہیں بچوں کو بہترین تعلیم و تربیت سے آراستہ کرنے کے لئے بھی ہر ممکن وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں۔ مشیر سپورٹس نے کہا کہ عیدالضحیٰ کے موقع پر قربانی کے جانوروں کی فروخت کیلئے منڈیوں میں حکومتی ہدایات کے مطابق بہترین سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔ قبل ازیں مشیر برائے سپورٹس وہاب ریاض نے عیدا لضحیٰ کے موقع پر سکیورٹی، صفائی،اتحاد بین المسلمین سمیت دیگر انتظامی امور پر بریفنگ دی، ضلعی انتظامیہ، پولیس، بلدیاتی اداروں کی طرف سے کئے جانے والے اقدامات پر مشیر برائے سپورٹس نے اطمینان کا اظہار کیا۔