مہاراجہ رنجیت سنگھ کی 184 ویں برسی، بھارتی سکھ یاتری پاکستان پہنچ گئے

6

لاہور، جون 21(اے پی پی): مہاراجہ رنجیت سنگھ کی 184 ویں برسی میں شرکت کیلیے سکھ یاتری واہگہ کے راستے پاکستان پہنچ گئے،یاتریوں کا شاندار استقبال کیا گیا۔ نئی دہلی میں قائم پاکستانی ہائی کمشن نے سکھ مذہب کے آخری اور متحدہ پنجاب کے واحد فرمانرواں مہاراجہ رنجیت سنگھ کی 184ویں برسی تقریبات میں شرکت کے 473 خواہشمند سکھ یاتریوں کو دس روزہ ویزہ جاری کیا ہے، واہگہ بارڈر پر گوردوارہ پربندھک کمیٹی پاکستان اور متروکہ وقف املاک بورڈ کے حکام نے مہمانوں کا استقبال کیا۔ شاندار استقبال پر بھارت سے آئے مہمانوں نے نے حکومت پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔ بھارتی سکھ یاتری پارٹی لیڈر سردار پاپندر سنگھ اور ڈپٹی پارٹی لیڈر سردار راویندر سنگھ کی سربراہی میں پاکستان پہنچے۔ مہاراجہ رنجیت سنگھ کی 184ویں برسی تقریب میں شرکت کے لئے آنے والے یاتریوں کا ایڈیشنل سیکرٹری شرائنز رانا شاہد سلیم نے استقبال کیا۔  پاکستان سکھ گورودوارہ پربندھک کمیٹی کے پردھان سردار امیر سنگھ و دیگر کمیٹی ممبران بھی موجود تھے ۔ بھارتی سکھ یاتریوں کو پھولوں کے ہار پہنائے گئے، گلدستے پیش کئے گئے ۔ بھارتی سکھ یاتریوں کو امیگریشن اور کسٹز کی ضروریات سے فراغت کے بعد گورو کالنگر پیش کیا گیا۔ متروکہ وقف املاک بورڈ حکام کی جانب سے سکھ یاتریوں کو موسمی حدت سے بچانے کے لئے لگژری مارکیاں واہگہ چیک پوسٹ کے باہر نصب کی گئیں۔ بھارتی سکھ یاتریوں کو کچھ دیر بعدخصوصی بسوں کے قافلے کی صورت میں واہگہ سے سیدھا گوردوارہ جنم استھان ننکانہ صاحب لے جایا جائے گا۔ مہاراجہ رنجیت سنگھ کی برسی تقریب 29 جون جمعرات (عید الاضحی ) کے روز گورودوارہ شری ڈیرہ صاحب لاہور میں منعقد ہو گی۔