کوئٹہ؛ 30کروڑ روپے سے زائد مالیت کا غیر ملکی سامان برآمد ، دس ویلر گاڑی ضبط

18

کوئٹہ،21جون (اے پی پی):کسٹم کوئٹہ کے فیلڈ انفورسمنٹ یونٹ  نوشکی کی اسمگلنگ کے خلاف کامیاب کارروائیاں جاری ہیں۔ کارروائی کے دوران 30کروڑ روپے سے زائد مالیت کا غیر ملکی سامان برآمد کر کے دس ویلر گاڑی کو بھی اپنے قبضے میں لے کر مزید کارروائی شروع کردی ہے ۔

ترجمان پاکستان کسٹمز بلوچستان ڈاکٹر عطا بڑیچ کے مطابق یہ کارروائی  افغان بارڈر کے قریب واقع حساس چیک پوسٹ پر کسٹمز حکام نے کی ، جس دوران 11000 پارسلز چینی جس کی مالیت 13  کروڑ روپے بنتی ہے اسی طرح اڑھائی کروڑ مالیت کی 3537 پارسلز یوریاکھاد، اور دس نان کسٹم پیڈ گاڑیاں، ٹائر ٹیوبز، 2570 عدد مختلف قسم کےٹائرز،  قیمتی دیار لکڑی، کپڑا، سیگرٹس، ڈیزل اور خواتین کے غیر ملکی سینڈلز کے ہزاروں جوڑے برآمد کرلیے۔

کارروائیاں کلیکٹر انفورسمنٹ کوئٹہ عرفان اللہ خان کی ہدایات پر  ایڈیشنل کلیکٹر عمر شفیق اور اسسٹنٹ کلیکٹر  حسیب احمد کے زیر نگرانی انسپکٹر اصف رفیق سندھو، انسپکٹر نذیر کرد،  انسپکٹر ایاز خان اور کلاس فور اسٹاف نے سر انجام دی، پے درپے اسمگلنگ کے خلاف کارروائیوں نے اسمگلروں کی کمر توڑ دی ہے ۔