اسلام آباد۔3جولائی (اے پی پی):وفاقی کابینہ نے ہائیر ایجوکیشن کمیشن ترمیمی بل 2023ء، وفاقی اُردو یونیورسٹی برائے آرٹس، سائنس اور ٹیکنالوجی ترمیمی بل 2023 ء،نیشنل کمیشن فار ہیومن ڈویلپمنٹ آرڈیننس 2002 ء، پرائیویٹ سکیورٹی سروسز ریگولیٹری بل 2023 ء، ورلڈ فوڈ پروگرام کی گاڑیوں کے سپیئر پارٹس کے ایک کنٹینر کی پاکستان کے راستے کراچی سے کابل تک ٹرانزٹ کی اجازت اور پاکستان لینڈ پورٹ اتھارٹی قائم کرنے کیلئے قانون سازی کی منظوری دے دی۔پیر کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں وفاقی کابینہ کو آئی ایم ایف کے ساتھ 3 ارب ڈالرکے معاہدے کے خدوخال پر بریفنگ دی گئی۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ تمام دوست ممالک بشمول چین، سعودی عرب،متحدہ عرب امارات اور اسلامک ڈیویلپمنٹ بینک اور ایم ڈی، آئی ایم ایف کے مشکور ہیں۔ وفاقی کابینہ نے وزارتِ تجارت کی سفارش پر افغانستان میں خوراک کی فراہمی کے آپریشن کو جاری رکھنے کے لئے ورلڈ فوڈ پروگرام کی گاڑیوں کے سپیئر پارٹس کے ایک کنٹینر کی پاکستان کے راستے کراچی سے کابل تک ٹرانزٹ کی اجازت دے دی۔ کابینہ نے وزارت برائے وفاقی تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت کی سفارش پر ہائیر ایجوکیشن کمیشن ترمیمی بل 2023 کی اصولی منظوری دے دی۔ ترمیمی بل کی منظوری سے نہ صرف پاکستان میں اعلیٰ تعلیم کے نظام میں عصرِ نو کے تقاضوں کے مطابق جدت آئے گی بلکہ کمیشن کے معاملات میں شفافیت پیدا ہوگی ۔ کابینہ نے وزارت برائے وفاقی تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت کی سفارش پر وفاقی اُردو یونیورسٹی برائے آرٹس، سائنس اور ٹیکنالوجی ترمیمی بل 2023 کی اصولی منظوری دے دی جس کی منظوری کے بعد یونیورسٹی میں جدید اصلاحات کے ساتھ ساتھ تحقیق کو بھی فروغ ملے گا۔ کابینہ نے وزارت برائے وفاقی تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت کی سفارش پر نیشنل کمیشن فار ہیومن ڈویلپمنٹ آرڈینیس 2002 میں بھی ترمیم کی اصولی منظوری دے دی،ان تینوں قوانین کا مسودہ سی سی ایل سی میں پیش کیا جائے گا۔ وفاقی کابینہ کو اسلام آباد میں سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کے منصوبے پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ کابینہ کو آگاہ کیا گیا کہ اس منصوبے کے تحت دو قسم کے لائحہ عمل تشکیل دیئے گئے ہیں۔ قلیل المدتی پالیسی کے تحت اسلام آباد کے علاقوں بشمول مضافاتی علاقوں سے ویسٹ کللیکشن شروع کی جاچکی ہے جبکہ طویل المدتی پالیسی کے تحت اعلیٰ معیار کی بین الاقوامی کمپنیوں کی خدمات حاصل کرنے کیلئے ٹینڈرز جاری کئے گئے ہیں۔ وزیرِ اعظم نے اسلام آباد میں ہسپتالوں کے فضلے کو تلف کرنے کیلئے موجود انسنریٹرز کی تفصیلات طلب کر لیں۔وزیراعظم نے ہدایت کی کہ اسلام آباد کیپٹل ٹیریٹری میں سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کا بھرپور نظام لا یا جائے۔ انہوں نے یہ بھی ہدایت کی کہ اسلام آباد میں سالڈ ویسٹ مینجمنٹ پلان میں ہسپتالوں کے مہلک و زہریلے فضلے کو تلف کرنے کیلئے اس حوالے سے تجربہ کار کمپنیوں کو علیحدہ سے ذمہ داری سونپی جائے۔ وفاقی کابینہ نے اسلام آباد کیپیٹل ٹیریٹری کے لئے سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بل کو کابینہ کمیٹی برائے لیجسلیٹیو کیسسز میں بھیجنے کی اصولی منظوری دے دی۔ وفاقی کابینہ نے پرائیویٹ سکیورٹی سروسز ریگولیٹری بل 2023 کو سی سی ایل سی میں بھیجنے کی اصولی منظوری دے دی، اس بل کے تحت سیکیورٹی کے نظام کی باضابطہ نگرانی کے لیے پرائیویٹ سیکیورٹی سروسز ریگو لیٹری اتھارٹی قائم کی جائے گی۔ وفاقی کابینہ نے پاکستان لینڈ پورٹ اتھارٹی قائم کرنے کیلئے قانون سازی کی اصولی منظوری دے دی تاہم ہدایت کی کہ وزارت تجارت کی مشاورت کے بعد قانون سازی کا مسودہ سی سی ایل سی بھجوایا جائے۔











