ڈیرہ غازی خان ، 05 جولائی(اے پی پی): ڈیرہ غازی خان میں ممکنہ سیلاب کے پیش نظر انتظامیہ کو متحرک رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
اس حوالے سے اجلاس ڈپٹی کمشنر مہر شاہد زمان لک کی زیرصدارت منعقد ہوا۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ مون سون بارشوں کے دوران ڈیرہ غازی خان کو رودکوہیوں سے آنے والے پانی سے سیلاب کا خطرہ رہتا ہے لہذا انتظامیہ کی طرف سے بروقت اقدامات وقت کی ضرورت ہے اور رودکوہیوں کے سیلابی پانی سے وہاں پر مقیم آبادی کو محفوظ رکھنے کیلئے اقدامات بھی تیز کئے جائیں تاکہ کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہ آ سکے۔
انہوں نے کہا کہ انتظامیہ فلڈ بندوں پر ورکنگ تیز کرنے کے ساتھ میونسپل سروسز میں تیزی لائے اور اسسٹنٹ کمشنرز فلڈ ہاٹ سپاٹ کے دورے کریں۔انہوں نے کہا کہ عید ایام کے بعد بھی اقدامات کے تسلسل کو برقرار اور افرادی قوت،مشینری کو متحرک رکھا جائے ۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ بلدیہ ملازمین کی بائیو میٹرک حاضری کو چیک کیاجائے اور ڈیوٹی پوری نہ کرنے والے ملازمین کے خلاف سختی سے نمٹا جائے،اس کے علاوہ گرانفروشوں کے خلاف سخت اقدامات کئے جائیں۔
اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز رضوان نذیر،محمداسد چانڈیہ،اسسٹنٹ کمشنرز زاہد اقبال،طارق شبیر،سی ای اوز ڈاکٹر ادریس لغاری سمیت دیگر افسران نے شرکت کی۔











