چنیوٹ، 05 جولائی (اے پی پی):تحفظ مرکز چنیوٹ کے زیراہتمام ٹرانسجینڈرز کیلئے تعلیم بالغاں سکول کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ڈی پی او چنیوٹ وسیم ریاض خان، سی ای او ایجوکیشن ڈاکٹر ظفر اقبال نے سکول کا افتتاح کیا۔
ڈی پی او نے سی ای او ایجوکیشن کے ہمراہ کلاس روم کا دورہ بھی کیا۔ڈی پی او،سی ای او ایجوکیشن نے ٹرانسجینڈرز میں کتابیں تقسیم کیں۔ تعلیم بالغاں سکول میں ٹرانسجینڈرز کو دینی تعلیم،ناظرہ قرآن مجید کی تعلیم دی جائے گی اور بنیادی تعلیم،کمپیوٹر سے متعلق آگاہی دی جائے گی۔تعلیم بالغاں سکول میں ٹرانسجینڈرز کو سلائی سمیت دیگر سکلز سکھائی جائیں گی۔
اس موقع پر ڈی پی او وسیم ریاض خان کا کہنا تھا کہ ٹرانسجینڈرز کی تعلیم بالغاں کا مقصد ان کو معاشرے کا معزز شہری بنانا ہے۔ تعلیم، ہنر کی بدولت ٹرانسجینڈرز مختلف نوکریوں کیلئے اہل ہو سکیں گے، ٹرانسجینڈرز کی صحت کیلئے سکریننگ کا عمل بھی جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ ٹرانسجینڈرز کے شناختی کارڈ بنوانے کیلئے پراسیس جاری ہے، پولیس تحفظ مرکز چنیوٹ ٹرانسجینڈرز،معاشرے کے محروم طبقات کی ویلفیئر کیلئے بھر پور اقدامات کر رہا ہے۔











