ڈیرہ غازی خان ، 06 جولائی (اے پی پی):ڈیرہ غازی خان میں پولیس کو ہیلپ لائن 15 پر ایک ماہ کے دوران 41 ہزار 8 سوسے زائد کالز میں سے 39 ہزار سے زیادہ کالیں جھوٹی موصول ہوئی ہیں ۔
اس حوالے سے ترجمان ڈیرہ غازی خان پولیس نے اے پی پی کو بتایا کہ گزشتہ ماہ جون کے دوران پولیس ہیلپ لائن15 پر41 ہزار 8سو 23 کالز موصول ہوئیں اور جن میں39 ہزار2 سو 75کالز جھوٹی نکلیں. اس طرح ان موصول ہونے والی کالز میں سے 2 ہزار 5 سو 48 پر ضلع بھر میں کیسز درج ہوئے جبکہ 1196 کالز پر شہریوں کی رہنمائی بھی کی گئی اور 65 کالز پر شہریوں کو ٹریفک کے کیسز میں مدد فراہم کی گئی۔
انہوں کہا کہ کالز موصول ہونے کے بعد پولیس ریسپانس اوسط ٹائم 5 منٹ رہا ہے،ہماری کوشش ہوتی ہے کہ 15 پر موصول ہونے والی کالز پر کم سے کم وقت میں جائے وقوعہ پر پہنچا جائے۔انہوں نے کہا کہ ہماری شہریوں سے گزارش ہے کہ اچھا شہری ہونے کے ناطے 15 پر جھوٹی کال کرنے سے اجتناب کریں اور ڈی پی او حسن افضل نے بھی خصوصی ہدایات دیں ہیں کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے پولیس ہمہ وقت چوکس رہے۔











