گوجرانوالہ، 06 جولائی(اے پی پی): 9 مئی کو گوجرانوالہ کینٹ کے مرکزی دروازے پر توڑ پھوڑ اور جلاو گھیراؤ کا معاملہ، تھانہ کینٹ کے درج مقدمہ میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو بھی ملزم نامزد کر دیا گیا ہے، سربراہ پارٹی پر الزام ہے کہ انہوں نے ملزمان کو کینٹ پر حملے کیلئے اکسایا۔
پولیس ذرائع کی تفصیلات کے مطابق 9 مئی کو گوجرانوالہ کینٹ کے مرکزی دروازے پر توڑ پھوڑ اور جلاؤ گھیراؤ کیا گیا تھا جس کا مقدمہ تھانہ کینٹ میں درج ہوا، پولیس ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ اب اس مقدمہ میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو بھی ملزم نامزد کر دیا گیا ہے، چیئرمین پی ٹی آئی کی یہ نامزدگی مقدمہ کی ضمنی میں کی گئی ہے، پارٹی سربراہ پر الزام ہے کہ انھوں نے ملزمان کو کینٹ پر حملے کیلئے اکسایا ۔
درج ایف آئی آر کا متن ہے کہ نو مئی کو شرپسندوں نے کینٹ پر حملہ اور توڑ پھوڑ کی تھی جس پر تھانہ کینٹ پولیس نے دہشتگردی سمیت دیگر دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا تھا۔
مقدمہ میں گرفتار 10 ملزمان کو آرمی ایکٹ کے تحت ٹرائل کیلئے پولیس نے آرمی کے حوالے کیا تھا۔











