قصور۔7جولائی(اے پی پی نیوز):ملک بھرکی طرح قصورمیں بھی حرمت قرآن کے حوالے سے احتجاجی ریلیوں کا انعقاد کیاگیا‘ریلوے اسٹیشن قصورپر بہت بڑی احتجاجی ریلی نکالی گئی جس کی صدارت مذہبی شخصیت سید متین الرحمن شاہ نے کی‘احتجاجی ریلی میں مسلمانوں نے قرآن پاک پڑھا اور حرمت قرآن اور حرمت رسول ؐ کے حوالے سے کتبے اورفلیکسزاٹھا رکھے تھے۔اس موقع پرمذہبی شخصیت سیدمتین الرحمن شاہ‘سابق امیر جمعیت علماء اسلام (ف)قصورسیدزہیرشاہ ہمدانی‘ناظم اعلیٰ عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت قصور میاں محمدمعصوم‘امیدوار پی پی 176پاکستان پیپلزپارٹی سٹی قصور آصف علی کھوکھرریلی سے خطاب کرتے ہوئے اپنے مذمتی بیان میں کہا سویڈن حکومت کی سرپرستی میں قرآن پاک کی بے حرمتی عالمی امن کو خراب کرنے کی ایک گھناؤنی سازش ہے‘مسلمانوں کے جذبات سے کھیلا جارہاہے‘ دنیا میں عالم اسلام کی امن کوششوں کو برباد کرنے کی کوشش کی جارہی ہے‘یہ سازش انسانیت کو آپس میں لڑانے کا خفیہ مشن ہے‘ قرآن پاک کی توہین کو جرم قرار اور سزائے موت مقرر کی جائے۔انہوں نے کہا کہ حرمت قرآن پاک اورناموس رسالت ﷺ ہماری ریڈ لائن ہے اس پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیاجاسکتا۔انہوں نے کہا کہ مسلم حکمران‘ اوآئی سی‘عرب لیگ‘اقوام متحدہ‘عالمی اداروں‘انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں کو فوری اس حوالے سے اپنا کردار ادا کرنا ہوگاتاکہ آئندہ کوئی گستاخ اورغلیظ شخص ایسی مذموم حرکت کرنے کی جرات نہ کرسکے۔ سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی ناقابل برداشت ہے‘ مسلم حکمران اِس شیطانی عمل کو روکنے کے لئے فوری اقدامات اٹھائیں‘سویڈن حکومت کے ساتھ سفارتی تعلقات فوری منقطع کئے جائیں۔











