ڈی جی پی ڈی ایم اے عمران قریشی کا دورہ سیالکوٹ،سیلاب کی صورت میں ریسکیو اینڈ ریلیف کے لیے تیاریوں کا جائزہ لیا

55

سیالکوٹ، 9جولائی( اے پی پی): ڈائریکٹر جنرل پروونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (ڈی جی پی ڈی ایم اے) عمران قریشی نے سیالکوٹ کا دورہ کیا اور سیلاب کی صورت میں ریسکیو اینڈ ریلیف کے لیے تیاریوں کا جائزہ لیا۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے کے دورے کے دوران ڈپٹی کمشنر عدنان محمود اعوان  بھی انکے ہمراہ تھے۔انہوں نے  نالہ بھیڈ اور اربن فلڈ ریلیف کیمپس کا معائنہ کیا اور ریسکیو اینڈ ریلیف کے لیے تیاریوں کا جائزہ لیا۔

 اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل عمران قریشی کا کہنا تھا کہ حکومت پنجاب اور ضلعی انتظامیہ ہنگامی حالات سے نمٹنے کیلئے تیار ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ  سیالکوٹ میں دریائے چناب ، دریائے توی اور برساتی نالے معمول کے مطابق بہہ رہے ہیں ۔انہوں نے مزید بتایا کہ ہیڈ مرالہ سے 11 لاکھ کیوسک پانی گزرنے کی گنجائش ہے ۔

 ریلیف کیمپوں میں سہولیات بارے پوچھے گئے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا  کہ اس ضمن میں ہماری تمام تر تیاریاں مکمل ہیں اور ریلیف کیمپوں میں تمام سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت  بھی کر دی گئی ہے۔