نگران وزیراعلیٰ پنجاب کی زیر صدارت اجلاس،سوشل سکیورٹی ہسپتالوں میں گھریلو ملازمین اور عوام کے مفت علاج سے متعلق اہم فیصلے

20

لاہور،10جولائی(اے پی پی): نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت پیر کو یہاں اجلاس منعقد ہوا ،اجلاس میں سوشل سیکیورٹی ہسپتالوں میں گھریلو ملازمین اور عوام کے مفت علاج سے متعلق اہم فیصلے اور  سوشل سیکورٹی ہسپتالوں کی ایمرجنسی میں عوام کے مفت علاج کی منظوری اور گھریلو ملازمین کے سوشل سیکورٹی ہسپتالوں میں مفت علاج کا اصولی فیصلہ کیا گیا۔

نگران وزیر اعلی محسن نقوی نے کہا کہ سوشل سیکورٹی ہسپتالوں میں گھریلو ملازمین کے علاج کے اخراجات حکومت پنجاب ادا کرے گی، گھریلو ملازمین ہیلتھ کارڈ پر بھی علاج کرا سکیں گے۔انہوں نے کہا کہ ہیلتھ کارڈ کی حد سے زیادہ اخراجات کی صورت میں ادائیگی حکومت پنجاب کرے گی۔

اجلاس میں گھریلو ملازمین کے علاج کو یقینی بنانے کے لئے پنجاب ایمپلائز سوشل سیکیورٹی انسٹی ٹیوشن کو 200 ملین روپے کی گرانٹ دینے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔

نگران وزیر اعلی محسن نقوی کی ہدایت پر سوشل سیکورٹی ہسپتالوں کے مریضوں کو ڈیجیٹل کارڈ جاری کئے جائیں گے۔

اجلاس میں صوبائی وزراء ڈاکٹر جاوید اکرم،عامر میر، منصور قادر،سیکرٹریز صحت، خزانہ، لیبر، اطلاعات، کمشنر پیسی اور متعلقہ حکام کی اجلاس میں شرکت کی جبکہ صوبائی وزیر پرائمری اینڈسیکنڈری ہیلتھ کیئر ڈاکٹر جمال ناصر نے   ویڈیولنک کے ذریعے شرکت کی۔