لاہور،10جولائی(اے پی پی): سی سی پی او بلال صدیق کمیانہ کی زیر صدارت محرم الحرام میں جلوسوں ، مجالسِ کیلئے سکیورٹی انتظامات سے متعلق اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں محرم الحرام کے دوران جلوسوں اور مجالس کیلئے سکیورٹی انتظامات سے متعلق مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیااور زیرالتواء روڈ سرٹیفکیٹس، زیر تفتیش مقدمات، عادی مجرمان، عدالتی مفرور ملزمان و اشتہاریوں کی گرفتاری کے حوالے سے کارکردگی کاجائزہ لیا گیا۔
اس موقع پر سی سی پی او لاہور کی تمام زیرالتواء کیسز اور روڈ سرٹیفکیٹس جلد سے جلد نمٹانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ایس ڈی پی اوز انوسٹی گیشن اورآپریشن ونگز محنت، جذبے اور لگن سے فرائض کی انجام دہی یقینی بنائیں۔
سی سی پی او نے کہا کہ ایس ڈی پی اوز(انوسٹی گیشن) پیشہ وارانہ امور اپناتے ہوئے تفتیش کے معیار کو بہتر بنائیں اور اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کریں اورایس ڈی پی اوز(آپریشنز) جرائم کی روک تھام یقینی بنانے میں اپنا بھر پور کردار اداکریں،انچارج انوسٹی گیشن سنگین جرائم کی تفتیش خود کریں گے۔
سی سی پی او بلال صدیق کمیانہ نے اشتہاری ملزمان اور منشیات فروشوں کے خلاف سخت کریک ڈاؤن کی ہدایت کی اور کہا کہ سنگین مقدمات میں مطلوب اشتہاری ملزمان کے گرد گھیرا تنگ کیا جائے۔
سی سی پی او نے جرائم پیشہ عناصر، بھتہ خوروں، بدمعاشوں اور قبضہ مافیا کے خلاف موثر کارروائی یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ شہریوں کو بروقت انصاف کی فراہمی کے لیے تمام تر وسائل اور صلاحیتوں کو بروئے کار لایا جائے۔
سربراہ لاہور پولیس نے کہا کہ لاہور پولیس شہریوں کے جان و مال اور عزت و آبرو کے تحفظ کیلئے اپنے فرائض دیانتداری اور جانفشانی سے سر انجام دے۔
اجلاس میں ڈی آئی جی (انوسٹی گیشن) عمران کشور، ایس ایس پی(آپریشنز) صہیب اشرف، ایس ایس پی (انوسٹی گیشن)انوش مسعود چوہدری اور سول لائنز اور سٹی ڈویژن کے ایس پیز،اے ایس پیز، سرکل افسران، ایس ایچ اوز، انچارجز(انوسٹی گیشن) نے اجلاس میں موجود تھے۔











