کوہلو،10 جولائی(اے پی پی): شہید لیفٹیننٹ جہانگیر مری کی چودہویں برسی نہایت عقیدت واحترام سے منائی گئی ۔
ڈپٹی کمشنر اعجاز احمد،ونگ کمانڈر لیفٹیننٹ کرنل عمران نذیر،ایس پی بابر مشتاق اور چیئرمین ڈسٹرکٹ کونسل میر نثار احمد مری نے شہید کی قبر پر حاضری دی اور پھولوں کی چادر چڑھائی،ایف سی،لیویز اور پولیس کے چاق وچوبند دستوں نے شہید کو سلامی دی۔
اس موقع پر شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ شہید کی جو موت ہے وہ قوم کی حیات ہے۔ شہید لیفٹیننٹ جہانگیر مری نے 10 جولائی 2009 کو باجوڑ کے علاقے چارمنگ میں اپنی جان قربان کرکے علاقے کا نام روشن کیا ،پاک فوج سمیت دیگر سیکورٹی فورسز کے جوانوں نے ملک کی سرحدوں کی حفاظت کیلئے لازوال قربانیاں دی ہیں جس کے باعث ملک میں امن وامان کی صورتحال برقرار ہے۔
انہوں نے کہا کہ شہید جہانگیر مری کی شہادت نے نوجوانوں میں ایک نیا جوش اور ولولہ پیدا کیا ہے، جہانگیر مری شہید کے بھائی میر عالم زیب مری نے کہا کہ جہانگیر مری کی شہادت پر فخر ہے، حکومت کی جانب سے جرات اور بہادری پر شہید جہانگیر مری کو ستارہ بسالت سے نوازا گیا۔











