سینتیسویں مڈ کیرئیر نیشنل مینجمنٹ کورس کے وفد کا سیالکوٹ کا مطالعاتی دورہ

29

سیالکوٹ،11 جولائی(اے پی پی):نیشنل انسٹیٹیوٹ آف مینجمنٹ اسلام آباد کی زیر نگرانی 37ویں مڈ کیرئیر مینجمنٹ کورس کے تحت  ان لینڈ  سٹڈی ٹور میں شامل 19رکنی افسران کے وفد نے منگل کو ڈی سی آفس سیالکوٹ کا دورہ کیا۔

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو سیالکوٹ محمد اقبال نے وفد کو ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریشن، مختلف سرکاری محکموں سمیت سیالکوٹ میں جاری ترقیاتی منصوبوں اور گورننس کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ سیالکوٹ پنجاب کا تیزی سے ترقی کرتا ہوا شہر ہے اور پاکستان کو سالانہ 3بلین ڈالر قیمتی زرمبادلہ کما کر دیتا ہے،  حکومت پنجاب مقامی صنعت کے فروغ کیلئے کوشاں ہے۔انہوں نے بتایا کہ سیالکوٹ کے 33 زون تکمیل کے آخری مراحل میں ہے اور ٹینریوں کی  شہر سے باہر منتقلی کا سلسلہ شروع ہوچکا ہے، 100ایکڑ پر سرجیکل سٹی کا قیام عمل میں لایا جارہا ہے ، ڈسکہ میں اراضی ایکوائر کرلی گئی ہے۔

 ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو سیالکوٹ محمد اقبال نے بتایا کہ سیالکوٹ میں شرح خواندگی 65فیصد ہے، 17ارب روپے کی لاگت سے سمبڑیال میں یونیورسٹی آف اپلائیڈ انجینئرنگ اینڈ ایمرجنگ ٹیکنالوجی کی تعمیر جاری ہے، 2ارب روپے ایمن آباد روڈ پر خواتین یونیورسٹی کا کیمپس زیر تعمیر ہے جبکہ گورنمنٹ سیکٹر ایک خواجہ محمد صفدر میڈیکل کالج کے علاوہ نجی شعبہ میں 2میڈیکل کالجز سروسز فراہم کررہے ہیں۔

انہوں نے  بتایا کہ پنجاب انٹرمیڈیٹ سٹیزامپروومنٹ انوسٹمنٹ پروگرام کے تحت 14ارب روپے کی لاگت سے سیوریج کے نظام کی از سر نو تعمیر، پینے کے صاف پانی کیلئے بوسیدہ واٹر سپلائی لائنوں کی تبدیلی، پانی کی ٹینکیوں کی تعمیر، سالٹ ویسٹ کمپنی کیلئے 153جدید گاڑیاں، ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ پلان، لینڈ فل سائٹ کی تعمیر، اربن موبلٹی اور پارکس کی بحالی  کے منصوبوں 2024ء تک مکمل کرلئے جائیں گے۔

 ڈائریکٹر سٹاف نیشنل انسٹیٹیوٹ آف مینجمنٹ اسلام آباد محمد عمران نے ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریشن سیالکوٹ کو شکریہ ادا کیا۔