گوجرانوالہ،11جولائی(اے پی پی):سٹی پولیس آفیسرمحمدایاز سلیم نے ضلع بھر میں ڈکیتوں،چوروں اور جرائم پیشہ افراد کے خلاف سخت کارروائیاں کرنے کے احکامات جاری کر رکھے ہیں۔ انہی احکامات کے پیش نظرڈی ایس پی سرکل ماڈل ٹاون عارف محمود خان کی زیرِنگرانی ایس ایچ او تھانہ ماڈل ٹاون سب انسپکٹرعثمان ذوالنورین ودیگران پر مشتمل پولیس ٹیم نے اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ڈکیتی،چوری اور راہزنی کی متعدد وارداتوں میں ملوث ڈکیت گینگ کے تین ارکان کو گرفتار کر کے دوران تفتیش ان کے قبضہ سے تاجر سے چھینی گئی رقم مبلغ سولہ لاکھ روپے نقدی،دس عددموٹر سائیکلیں اور غیر قانونی اسلحہ برآمدکرلیا۔
ابتدائی تفتیش میں گینگ کے ملزمان نے انکشاف کیا کہ انہوں نے تھانہ ماڈل ٹاون اور اس کے مضافات میں ڈکیتی،چوری اور راہزنی کی متعدد وارداتیں کی ہیں۔ ملزمان کے خلاف قانونی کارروائی جاری ہے۔ڈکیتوں اور چوروں کے خلاف بھر پور کارروائیاں کرنے پر علاقہ مکینوں نے پولیس کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔
اس موقع پر سٹی پولیس آفیسرمحمد ایاز سلیم نے کہا کہ ڈکیتوں، چوروں اور مجرمانہ ذہن رکھنے والے سماج دشمن عناصر کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹتے ہوئے شہریوں کو امن کی فضا فراہم کریں گے۔











