کراچی،11 جولائی(اے پی پی): وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی حکومت نے کراچی شہر میں امن امان بحال کیا ہے،ہماری حکومت نے شہر میں ترقیاتی کام کروائے جس کی وجہ سے عوام نے پیپلز پارٹی کو کامیاب کیا ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے لوکل گورنمنٹ کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں وزیر بلدیات ناصر شاہ، میئر کراچی مرتضی وہاب، ڈپٹی میئر سلمان مراد، سیکریٹری بلدیات نجم شاہ اور دیگر شریک ہوئے ۔
ا جلاس سے خطاب میں وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ میں چاہتا ہوں کہ میئر اور ڈپٹی میئر کراچی کی بھرپور خدمت کریں،شہر کراچی نے ماضی میں ترقیاتی کاموں، صفائی ستھرائی اور عوام کے مسائل کے حوالے سے تفریق دیکھی ہے، میں چاہتا ہوں کہ اب بلا تفریق شہر اور اس کے عوام کی خدمت ہونی چاہئے۔
وزیراعلی سندھ نے کہا کہ پیپلز پارٹی قیادت کا حکم ہے کہ بلدیاتی نمائندے شہر میں عوام کے مسائل حل کرتے ہوئے دکھائی دیں ۔انہوں نے کہا کہ شہر میں واٹر بورڈ کا کام بہتر کرنے کی ضرورت ہے۔











