ملتان،11جولائی(اے پی پی):آبادی کے عالمی دن کے موقع پر ہیلتھ سیکریٹریٹ جنوبی پنجاب میں آگاہی واک کا انعقاد کیا گیا۔آگاہی واک محکمہ پرائمری وسیکنڈری ہیلتھ کئیر جنوبی پنجاب کے اشتراک سے منقعد کی گئی۔سیکریٹری محکمہ پرائمری و سیکنڈری ہیلتھ کئیر جنوبی پنجاب مہر محمدحیات لک نے آگاہی واک کی قیاد ت کی۔
سیکریٹری محکمہ پرائمری وسیکنڈری ہیلتھ کئیر جنوبی پنجاب مہر محمد حیات لک نے کہا کہ 11 جولائی 1987 کو جب دنیا کی آبادی پانچ ارب کے ہندسے کو چھو گئی ، تب سے یہ دن آگاہی پھیلانے کے لیے منایا جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ سالانہ دن منانے کا مقصد عالمی آبادی اور اس سے وابستہ چیلنجوں کے بارے میں لوگوں کو آگاہی فراہم کرنا ہے۔
مہر محمد حیات لک نے کہا کہ عالمی آبادی میں تیزی سے اضافہ سے غربت، معاشی خدشات اور زچگی کی صحت سمیت بہت سے چیلنجز کا سامنا ہے۔انہوں نے کہا آبادی کا عالمی دن ان مسائل کو حل کرنے اور کرہ ارض پر ہر ایک کے لیے بہتر مستقبل کے لیے کوشش کرنے کے لیے ایک یاد دہانی کا کام کرتا ہے۔
مہر محمد حیات لک نے کہا کہ ہمیں زیادہ سے زیادہ مساوات اور یکجہتی کے لیے مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے تاکہ کرہ ارض پر ہماری اور آنے والی نسلوں کی ضروریات کو پوراکرنے والے وسائل کی حفاظت کی جاسکے، وسائل کے مطابق کنبے کی تشکیل ہی متوازن خاندان کی مضبوط بنیاد ہے۔انہون نے کہا کہ موثر خاندانی منصوبہ بندی کے ذریعے متوازن خاندان کے خواب کو شرمندہ تعبیر کیا جا سکتا ہے۔
ڈپٹی سیکریٹری ٹیکنیکل ڈاکٹرماریہ ممتاز، ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ سروسز جنوبی پنجاب ڈاکٹر مہر محمد اقبال، ڈپٹی ڈائریکٹر آئی آر ایم این سی ایچ پروگرام ساوتھ ڈاکٹر ذوہیب حسن اور دیگر افسران سمیت گرین سٹار کے صوبائی منیجر اطہر طارق ، ریجنل منیجر ایڈمن شیخ سلیم اور ڈسٹرکٹ کوارڈینیٹر محمد فیصل ، ہیلتھ سیکریٹریٹ، محکمہ بہبودِ آبادی کے افسران و ملازمین اور سول سوسائٹی کے نمائندگان نے بھی واک میں شرکت کی۔











