مری، 12 جولائی (اے پی پی):عالمی یوم آبادی کے موقع پر تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال مری میں پاپولیشن ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ کے تعاون سے آگاہی واک اور سیمینار کا انعقاد کیا گیا جسکی قیادتِ میڈیکل سپرنٹینڈنٹ تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال مری ڈاکٹر عبدالسلام عباسی اور ڈاکٹر مریم عباسی نے کی۔ آگاہی واک جی۔پی۔او چوک مری سے شروع ہو کر چنار چوک پر اختتام پذیر ہوئی۔واک میں ہسپتال کے ڈاکٹرز ، نرسز اور پیرا میڈیکل سٹاف نے شرکت کی۔واک کے شرکا سے خطاب کے دوران ڈاکٹر عبدالسلام عباسی اور ڈاکٹر مریم نے کہا کہ بچوں کی پیدائش میں مناسب وقفہ رکھیں تا کہ ماں اور بچوں کی صحت اور تعلیم و تربیت مناسب انداز سے کی جا سکے اور اس طرح صحت مند معاشرہ کی تشکیل کے ذریعے پاکستان کو ترقی یافتہ ممالک کی فہرست میں شامل کیا جا سکے۔











