پچھترسال کے مسائل 75دن میں حل نہیں ہوسکتے؛ میئر کراچی

18

کراچی،12 جولائی (اے پی پی):میئر کراچی بیرسٹر مرتضی وہاب نے کہا ہے کہ 75سال کے مسائل 75دن میں حل نہیں ہوسکتے جو ادارے میرے پاس ہیں ان میں بہتری لانے کی بھرپور کوشش کر رہے ہیں، عملی تبدیلی کے لئے کچھ وقت درکار ہے، کوشش ہوگی کہ اگلے چار سال شفاف اور منصفانہ انداز میں معاملات کو چلائیں، جو وعدہ کروں گا اسے وفا کرنے کی کوشش ہوگی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مراد کے ہمراہ کراچی پریس کلب کے دورے میں پریس کلب کے عہدیداران اور ممبران سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر کراچی پریس کلب کے صدر سعید سربازی اور جنرل سیکریٹری شعیب احمد نے بھی خطاب کیا ۔ میئر کراچی بیرسٹر مرتضی وہاب کو کراچی پریس کلب کی جانب سے اجرک، ٹوپی اور پھول پیش کئے گئے۔

 میئر کراچی نے پریس کلب کے مختلف شعبوں کا دورہ کیااور بعدازاں اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کراچی پریس کلب کو گرانٹ دینے کی روایت برقرار رکھی جائے گی اور اس میں اضافہ بھی کریں گے، صحافیوں سے پورے شہر میں پارکنگ فیس نہیں لی جائے گی میں اس فیس کو صحافیوں کے لئے ختم کرنے کا اعلان کرتا ہوں، صحافی مسائل کی نشاندہی کریں ہم انہیں حل کرنے کی بھرپور کوشش کریں گے۔

میئر کراچی بیرسٹر مرتضی وہاب نے کہا کہ عیدالاضحی پر آلائشیں اٹھانے کے آپریشن میں کامیابی صرف میئر کراچی کی نہیں بلکہ کراچی کی پوری انتظامیہ کی کامیابی تھی، واٹر بورڈ کے مختلف اداروں پر 50 ارب روپے کے واجبات ہیں جنہیں وصول کرنے کی کوشش کریں گے تاکہ کراچی میں پانی و سیوریج کے مسائل حل کئے جاسکیں، آج وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے تمام ٹائونز کے چیئرمینز اور وائس چیئرمینز کے ساتھ اجلاس کیا ہے اور انہیں یقین دلایا ہے کہ ان کے مسائل منصفانہ انداز میں حل کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ شہر میں ترقی کا عمل جاری رکھنے کے لئے رواداری، محبت اور بھائی چارگی کا جذبہ برقرار رہنا چاہئے، پاکستان پیپلز پارٹی نے کراچی کے میئر کو اربن سائیڈ سے ڈپٹی میئر کو دیہی سائیڈ سے منتخب کیا ہے اور اس کا مقصد پورے شہر کی نمائندگی کرنا ہے۔

 انہوں نے کہا کہ ہم سے غلطی ہوسکتی ہے لیکن بددیانتی نہیں ہوگی، کراچی پریس کلب میں ہمیشہ جمہوریت کا ساتھ دیا ہے اور جمہوریت کی آواز اور اس کے حقوق کی پاسداری کی ہے، کراچی پریس کلب کی روایات شاندار ہیں اور مجھے امید ہے کہ کراچی پریس کلب جمہوریت کی توانا اور مضبوط آواز رہے گا۔

بعدازاں کراچی پریس کلب میں بڑی تعداد میں موجود میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے میئر کراچی بیرسٹر مرتضی وہاب نے مختلف مسائل کے حل پر روشنی ڈالی اور یقین دلایا کہ وہ اپنی تمام تر توانائیوں کے ساتھ ان کے حل کے لئے جدوجہد اور شہریوں کی خدمت کریں گے۔ انہو ں نے کہا کہ پریس کلب سے سیاسی کارکن کا تعلق بڑا گہرا ہوتاہے،کوشش رہی ہے کہ آپ لوگوں کے ساتھ مضبوط روابط قائم رہیں، شہید ذوالفقار علی بھٹو کا پیروکار ہوں، ہم چاہیں گے کہ آپ تنقید کریں لیکن اچھے کام کی نشاندہی بھی کی جائے۔

 میئر کراچی بیرسٹر مرتضی وہاب نے کہا کہ میں ماضی میں کے ایم سی کا ایڈمنسٹریٹر رہا ہوں، اب پیپلز پارٹی بلدیہ عظمی کراچی میں آگئی ہے آپ کے کچھ مسائل حل ہوچکے ہیں باقی مسائل بیٹھ کر حل کریں گے، بلدیہ عظمی کراچی کو اپنے پیروں پر کھڑا کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں اس وقت پانی ایک بڑا مسئلہ ہے جسے حل کرنے کے لئے بھرپور کوششیں جاری ہیں، میں جہاں بھی جاتا ہوں ڈپٹی میئر میرے ساتھ ہوتے ہیں، ہم اکٹھے ساتھ چل رہے ہیں اور میری کوشش ہے کہ سب کو ساتھ لے کر چلوں، کے ایم سی بلڈنگ میں تاریخ میں پہلی بار مختلف جماعتوں کے پارلیمانی لیڈرز کا اجلاس ہوا تاکہ مستقبل کے لئے مشترکہ لائحہ عمل ترتیب دیا جائے۔

ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مراد نے کہا کہ اس شہر کی خدمت ہم اور آپ مل کر کریں گے، کوشش کریں گے کہ اس منصب کے ساتھ وفا کریں، شہر سے نفرت کی سیاست کا خاتمہ کریں گے اور شہریوں کے مسائل حل کریں گے۔