لاہور ؛ کمشنر محمد علی رندھاوا کا ستلج فلڈ ریلیف کیمپ تلوار پوسٹ کا دورہ

84

لاہور، 13جولائی (اے پی پی): کمشنر لاہور ڈویژن محمد علی رندھاوا نے صبح سویرے ستلج فلڈ ریلیف کیمپ تلوار پوسٹ کا دورہ کیا ، سیلاب سے بچاؤ کے انتظامات کا جائزہ لیا اور تمام محکموں کے تعینات عملہ سے ملاقات کی اور ابتک کی ریلیف سرگرمیوں کا تفصیلاً جائزہ لیا۔

کمشنر لاہور کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ دریائے ستلج گنڈا سنگھ والا کے مقام پر درمیانے درجے کا سیلاب ہے،دریائے ستلج میں گنڈا سنگھ والا کے مقام پر پانی کی آمد 114260 اور اخراج بھی 114260 ہے۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ سیلابی پانی سےمتعدد دیہات زیر آب آئے ہیں۔

 کمشنر لاہور محمد علی رندھاوا نے لوگوں کی محفوظ مقامات پر منتقلی ،فلڈ ریلیف کیمپس میں انتظامات کا جائزہ بھی لیا۔ انہوں نے کہا کہ لوگوں کے جان و مال اور مویشیوں کی محفوظ مقام پر منتقلی پر کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

کمشنرلاہور کو بریفنگ  میں بتایا گیا کہ 70 سے زائد کشتیاں اور دیگرمشینری آپریشن کے لیے استعمال کی جارہی ہیں۔ضلعی انتظامیہ نے کمال پورہ سمیت کئی گاوں میں ریسکیو آپریشن مکمل کر لیا ہے اور دیگر علاقوں میں ابھی آپریشن جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب اور پی ڈی ایم اے  لوگوں کی مدد و ریلیف کیلئے مکمل طورپر آپکے ساتھ ہے اور وسائل کی کوئی کمی نہیں۔

 کمشنر لاہور ڈویژن نے سیلاب متاثرین سے بھی ملاقات کی ۔انہوں نے مختلف محکموں کی طرف سے لگائے گئے کیمپوں میں سہولیات کا بھی جائزہ لیا۔ کمشنر کو بریفنگ  میں بتایا گیا کہ واسا، ریسکیو ایمرجنسی 1122،ریونیو،  پولیس،ضلع کونسل، پولیس و دیگر  محکمہ جات آپریشن جاری رکھے ہوئے ہیں اور لوگوں کی محفوظ مقامات پر منتقلی کے لئے گرینڈ آپریشن تین دنوں  سے جاری ہے۔

ایڈیشنل کمشنر عبدالسلام عارف اور ڈپٹی کمشنر ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو اور اسسٹنٹ کمشنرز بھی ہمراہ موجود تھے۔