جوہرآباد ،14جولائی(اے پی پی): محکمہ بہبود آبادی خوشاب کے زیر اہتمام عالمی یوم آبادی کے موقع پر بہترین کارکردگی ایوارڈ اورسرٹیفکیٹس تقسیم کرنے کی تقریب کا انعقادہوا ۔تقریب کے مہمان خصوصی ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل) خوشاب احمد صہیب تھے جبکہ اسسٹنٹ کمشنر اعجاز ملک اور دیگر بھی موجودتھے۔
تقریب سے خطاب میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر احمد صہیب نے کہا کہ محکمہ بہبودآبادی کے افسران اور ملازمین اپنی ڈیوٹی کے ذریعے بہت بڑی نیکی کما رہے ہیں، اللہ پاک کی مخلوق کی خدمت و ان کی صحت کا خیال رکھنا بہت بڑی نیکی ہے اور یہی جذبہ ان کی آخرت سنوارنے کا ذریعہ بنے گا۔
ڈی پی ڈبلیو او چوہدری محمد شاہد نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ بہبودآبادی کی کاوشوں سے ضلع خوشاب کا گروتھ ریٹ پہلے کی نسبت کم ہوا ہے جو محکمہ بہبو دآبادی کی محنت و کاوشوں کا نتیجہ ہے۔انہوں نے کہا کہ کارکردگی کی بنیاد پر محکمہ بہبود آبادی کے افسران اور فیلڈ سٹاف کو بہترین کارکردگی ایوارڈ اور سرٹیفکیٹ دیئے جارہے ہیں۔
انہوں نے تقریب کے شرکاء سے اس بات کی توقع کا اظہار کیا کہ وہ محکمہ بہبودآبادی کے پروگراموں کی کامیابی اور مہم کو پراثر بنانے کیلئے آئندہ بھی اپنا بھر پور کردار ادا کریں گے۔
تقریب کے اختتام پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل) خوشاب احمد صہیب،اوراسسٹنٹ کمشنر (ہیڈ کوارٹر) خوشاب اعجاز ملک نے بہبود آبا دی کے افسران وملازمین کے علاوہ دیگر محکموں کے افسران میں بہترین کارکردگی ایوارڈز اور سرٹیفکیٹس تقسیم کئے۔











