خواتین کو بااختیار بنائے بغیر ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن نہیں کیا جا سکتا؛ گورنر پنجاب بلیغ الرحمن

16

لاہور، 14 مئی(اے پی پی): گورنر پنجاب بلیغ الرحمن نے کہا ہے کہ خواتین کو بااختیار بنائے بغیر ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن نہیں کیا جا سکتا۔  مسلم لیگ( ن) نے اپنے گذشتہ ادوار میں خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے آل ویمن یونیورسٹیز ، ویمن آن ویلز سمیت کئی اقدامات کیے۔

ان خیالات کا  اظہار  انہوں نے  صدر مسلم لیگ ( ن) لاہور خواتین ونگ سعدیہ تیمور کی قیادت میں سابق ممبران اسمبلی سمیرا  کومل سیدہ سنبل سمیت خواتین کے وفد سے گفتگو  میں کیا ۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ حکومت نے مخلصانہ کوششیں کر کے ملک کو اللہ تعالی کے فضل و کرم سے معاشی بحران سے نکال لیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ سیاست عوامی خدمت کا نام ہے اس لیے آپ معاشرے میں مثبت سوچ ، سچائی اور اعلی اخلاقی اقدار کو فروغ دیں۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ قائد مسلم لیگ (ن) محمد نواز شریف کی دنیا کی قیادتیں ایک سٹیٹسمین کی طرح عزت کرتی ہیں۔ قائد مسلم لیگ (ن) محمد نواز شریف ایک سٹیٹسمین کی طرح اپنی شخصیت کو ملک و قوم کی فلاح کے لیے استعمال کر رہے ہیں۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ تمام دنیا میں وطن کی خاطر جان دینے والے شہداء کو عظیم درجہ دیا جاتا ہے جبکہ 9 مئی کو ایک منصوبے کے تحت شہداء کی یادگاروں کی بے حرمتی کی گئی اور آرمی تنصیبات پر حملے کئے گئے،  جو ناقابل معافی جرم ہے۔

ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے صدر سعدیہ تیمور نے کہا کہ خواتین عہدیداران کی عزت افزائی پر ہم گورنر پنجاب بلیغ الرحمن کے شکر گزار ہیں ۔ہمارا مقابلہ جھوٹ، نفرت، غیر ملکی دشمن قوتوں کی آلہ کار جماعت سے ہے ۔ سعدیہ تیمور  نے کہا کہ سوشل میڈیا پر جھوٹی خبروں اور پروپیگنڈے کا مقابلہ سچ اور شائستگی سے کرنے پر یقین رکھتے ہیں۔

 وفد میں زاہدہ اظہر ، کوثر چوہدری، شہر بانو ، ثمرہ نذیر ، نوبہار، سمیرا امجد و دیگر  شامل تھیں۔