موجودہ حکومت عوام کے بنیادی مسائل حل کرنے کیلئے پرعزم ہے؛ مرتضی جاوید عباسی

14

لاہور، 14جولائی(اے پی پی):وفاقی وزیرپالیمانی امور وانچارج پرائم منسٹر پبلک افیئرز مرتضی جاوید عباسی نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت عوام کے بنیادی مسائل حل کرنے کیلئے پرعزم ہے،عوامی شکایات کا فوری ازالہ کیا جا رہا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو یہاں سول سیکرٹریٹ لاہور میں کھلی کچہری سے خطاب کرتے ہو ئے کیا۔ وفاقی وزیر نے کھلی کچہری میں28 لوگوں کے مسائل سن کر ان کے حل کیلئے موقع پر احکامات جاری کئے اور متعلقہ محکموں کو چھ دن کے اندر تمام شکایات کا ازالہ کر کے رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی ۔

وفاقی وزیر مرتضی جاوید عباسی نے آئی جی پولیس کو ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ سود پر پیسے لینے والے مجبور لوگوں کو مافیا سے ان کی جان چھڑانے کیلئے اقدامات کریں ، سود خوروں اور زمینوں پر قبضہ مافیاز کے خلاف سختی سے نمٹا جائے ،فرض شناس افسران پر مشتمل ایک کمیٹی بنائی جائے جو ان مافیاز کیخلاف کارروائی کرے۔ انہوں نے کہا کہ ملازمین اور عوام کی شکایات کا ازالہ کیا جا ئے گا،اگر کوئی شخص تحریری طورپر اپنی  شکایت جمع نہیں کروا سکتا تو وہ واٹس اپ کے ذریعے بھی اپنی درخواست دے سکتا ہے۔

وفاقی وزیر نے ڈی سی لاہور کو سائلین کے مسائل ذاتی طور پر سننے کی ہدایت کی۔انہوں نے لیسکو کے خلاف بھی شکایات بھی سنیں۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر رافعہ حیدر سمیت دیگر متعلقہ محکموں کے افسران موجود تھے ۔